وزیراعظم عمران خان کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے آن لائن خطاب

وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے اپنے ورچوئل خطاب میں کہا ہے کہ عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور مسئلہ کشمیر بارے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائیں۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75 ویں اجلاس سے خطاب کر تے ہوئےوزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مجھے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے ایک بار پھر خطاب کرتے ہو ئے خوشی محسوس ہورہی ہے۔

انہوں نے ولکن بوذکر کو جنرل اسمبلی کے 75 ویں اجلاس کے لیے صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ ہم سبکدوش ہونے والے صدر تیجانی محمد باندے کی ہنر مندانہ قیادت کو بھی سراہتے ہیں، جنہوں نے کووڈ ۔19بحران کے دوران اہم کردار ادا کیا۔ ہم اس طلاطم خیز دور میں سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریز کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب سے میں نے اقتدار سنبھالا ہماری مسلسل کوشش رہی ہے کہ پاکستان میں بنیادی تبدیلیاں لائی جائیں، ہمارے نئے پاکستان کا تصور پیغمبر آخرالزماں محمدﷺکی قائم کردہ ریاست مدینہ کے ماڈل پر ہے۔
انصاف اور انسانی اقدار پر مبنی ایک ایسے معاشرے کاقیام جہاں حکومت کی تمام پالیسیوں کا محور اپنے شہریوں کو غربت سے نکالنا اور منصفانہ نظم و نسق قائم کرنا ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے ہمیں امن و استحکام کی ضرورت ہے یہی وجہ ہے کی ہماری خارجہ پالیسی کا مقصد اپنے ہمسائیوں کے ساتھ امن سے رہنا اور بات چیت کے ذریعے تنازعات حل کرنا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 75 واں اجلاس ایک انتہائی اہم سنگ میل ہے کیونکہ یہ دنیا کا واحد ادارہ ہے جو ہمسائیوں کے ساتھ امن اور استحکام کے حصول میں ہماری مدد کر سکتا ہے، ہمارے لیے یہ ایک موقع بھی ہے کہ ہم غور کریں کہ اقوام متحدہ کی صورت میں ہم وہ وعدے پورے کرنے میں کامیاب رہے ہیں جو ہم نے مل کر اپنے لوگوں کے ساتھ کیے تھے، آج ورلڈ آرڈر کے بنیادی اہداف طاقت کا یکطرفہ عدم استعمال یا خطرہ، لوگوں کے لیے حق خود ارادیت کا حصول، مساوی خود مختاری اور ریاستوں کی علاقائی سالمیت، اندرونی معاملات میں عدم مداخلت اور بین الاقوامی تعاون کے تمام تصورات کو باقاعدہ طور پر پس پشت ڈالا جا رہا ہے، بین الاقوامی معاہدوں کا تمسخر اڑانے کے ساتھ ساتھ ان کو نظرانداز کیا جارہا ہے، بڑی طاقتوں کے درمیان از سر نو رقابت کے نتیجے میں ہتھیاروں کی نئی دوڑ شروع ہورہی ہے، تنازعات بڑھ رہے ہیں اور ان میں شدت آ رہی ہے، فوجی قبضے اور غیر قانونی الحاق کے ذریعے لوگوں کے حق خودارادیت کو دبایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پروفیسر نوم چومسکی کے مطابق جوہری جنگ کے بڑھتے ہوئے خطرے، ماحولیاتی تبدیلی، آمرانہ حکومتوں کے بڑھتے ہوئے رحجان کی وجہ سے آج نوع انسانی کو گذشتہ صدی میں پہلی اور دوسری عالمی جنگوں سے پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ بڑے خطرے کا سامنا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہمیں ایسی تباہ کن صورتحال سے تحفظ کے لیے ہر صورت مل کر آگے بڑھنا ہوگا، ہم یہ یقین رکھتے ہیں کہ بین الاقوامی تعلقات میں ٹکراﺅ اور قوت کی بجائے بین الاقوامی قانون کے اصولوں کے مطابق تعاون لازمی ہے، ہم سب شدومد کے ساتھ کثیرالجہت لائحہ عمل کی حمایت کا اعادہ کریں۔

 وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں نے گذشتہ سال جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب میں ٹیکسوں سے بچنے کے لیے ترقی پذیر ملکوں سے امیر ممالک اور آف شور ٹیکس پناہ گاہوں کو رقوم کی غیرقانونی منتقلی سے ہونے والے ناقابل تلافی نقصان کو اجاگر کیا تھا، اس اقدام سے ترقی پذیر ممالک میں غربت بڑھی ہے، جو رقم انسانی ترقی کے لیے استعمال کی جاسکتی ہے وہ بد عنوان اشرافیہ ہڑپ کر جاتی ہے۔ زرمبادلہ کی کمی کے نتیجے میں کرنسی کی قیمت میںکمی واقع ہو جاتی ہے اور نتیجتاًغربت اور افراط زر جنم لیتے ہیں، پیچیدہ طریقہ کار کے باعث ان چوری شدہ وسائل کی واپسی کے لیے جستجو کی کامیابی تقریباً ناممکن ہے جب کہ منی لانڈرنگ میں ملوث مافیا کو بہترین وکلاءتک رسائی حاصل ہوتی ہے اور افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ مستفید کنندہ ہونے کی وجہ سے امیر ممالک اس مجرمانہ سرگرمی کا قلع قمع کرنے کے لیے سیاسی قوت ارادی سے عاری ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اگر اس عمل کا راستہ نہ روکا گیا تو امیر اور غریب اقوام کے درمیان عدم مساوات بڑھتی رہے گی اور بالآخر آج کی نقل مکانی کے نتیجہ میں پیدا ہونے والے مسئلے سے زیادہ بڑا عالمی بحران پیدا ہو جائے گا، امیر ممالک جب منی لانڈرنگ کرنے والوں کی لوٹی ہوئی دولت کے لیے محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرتے ہیں تو وہ انسانی حقوق اور انصاف پر قائم نہیں رہ سکتے، منی لانڈرنگ اور منی لانڈرنگ کی مالی معاونت کرنے والوں کے سدباب کے لیے فعال حکومتیں موجود ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ میں اس اسمبلی سے مطالبہ کرتا ہوں کہ رقم کی غیر قانونی منتقلی اور لوٹی ہوئی دولت کی فوری واپسی کو یقینی بنانے کے لیے عالمی لائحہ عمل کی تیاری کی کوششوں میں آگے آئے اس بات کو سمجھنا اہم ہے کہ ترقی پذیر ملکوں کو امیر ملکوں سے ملنے والی امداد ہماری بدعنوان اشرافیہ کی طرف سے رقم کی بڑے پیمانے پر بیرون ملک منتقلی کے مقابلے میں نہ ہونے کے برابر ہے۔

 انہوں نے ایک بار پھر ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے نوع انسانی کو ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے درپیش خطرے کے بارے میں اپنے خیالات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا، سائبیریا، کیلی فورنیا حتیٰ کہ برازیل میں لگنے والی غیر معمولی آگ، دنیا کے مختلف حصوں میں آنے والے غیر معمولی سیلاب اور قطب شمالی میں درجہ حرارت میں ریکارڈ اضافہ کے پیش نظر ہمیں اپنی مستقبل کی نسلوں کے بارے میں فکرمند ہونا چاہیے۔ پیرس معاہدے میں ہونے والے وعدوں خاص طور پر 100 ارب ڈالر جمع کرنے کے ہدف کوہر صورت عملی جامہ پہنایا جائے۔

 انہوں نے کہا کہ کاربن کے اخراج کے حوالے سے پاکستان کا بہت کم حصہ ہے لیکن اس کا شمارماحولیاتی تبدیلی سے شدید متاثرہ ملکوں میں ہوتا ہے، اس کے باوجود ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پہل کریں کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ ماحولیاتی تبدیلی کے مسئلے کو حل کرنا عالمی ذمہ داری ہے، ہم نے ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے میں اپنے حصہ کے طور پر اگلے تین سال میں ماحولیاتی تبدیلی کے لیے 10 ارب درخت لگانے کا انتہائی پرعزم پروگرام شروع کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وباءنوع انسانی کو قریب لانے کا ایک موقع تھا، بدقسمتی سے اس نے قوم پرستی کو ہوا دی، عالمی تنازعات میں اضافہ ہوا اور متعدد مقامات پر کمزور اقلیتوں کے خلاف نسلی اور مذہبی بنیادوں پر نفرت اور تشدد کے واقعات بڑھے ہیں، ان رحجانات نے اسلامو فوبیا کوبھی بڑھکایا ہے اور بہت سے ملکوں میں مسلمانوں کو بلاخوف و خطر نشانہ بنایا جا رہا ہے، ہماری زیارتوں کو تباہ کیا جا رہا ہے اور ہمارے پیغمبر خاتم النبیین حضرت محمدﷺ کی توہین کی جارہی ہے، قرآن پاک کو جلایا گیا ہے اور یہ سب اظہار رائے کی آزادی کے نام پر ہورہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ چارلی ہیبڈو کی طرف سے توہین آمیز خاکوں کی دوبارہ اشاعت سمیت یورپ میں ہونے والے واقعات حالیہ مثالیں ہیں، ہم سختی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جان بوجھ کر اشتعال انگیزی اور نفرت و تشدد کی ترغیب دینے کو عالمی سطح پر غیرقانونی قرار دیا جائے، اس اسمبلی کو چاہیے کہ اسلاموفوبیا کے خاتمے کے لیے عالمی دن کا اعلان کرے اور اس ناسور کے خلاف متحد ہوں جو انسانیت کی تقسیم کا باعث ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا میں بھارت واحد ایسا ملک ہے جہاں ریاست اسلاموفوبیا کی سرپرستی کر رہی ہے، اس کے پیچھے آر ایس ایس کا نظریہ کارفرما ہے جو بدقسمتی سے آج بھارت پر مسلط ہے، یہ انتہا پسندانہ نظریہ 1920 کی دہائی میں منظرعام پر آیا تھا۔ آر ایس ایس کے بانی نازیوں سے متاثر تھے اور انہوں نے نسلی پارسائی اور برتری کے نظریات کو اپنایا۔

 جیسے نازیوں کی نفرت کا شکار یہودی تھے، آر ایس ایس کا نشانہ مسلمان ہیں اور کسی حد تک عیسائی بھی اس کا شکار ہو رہے ہیں، آر ایس ایس کا ماننا ہے کہ بھارت صرف ہندوﺅں کے لیے ہے اور دیگر بھارتی برابر کے شہری نہیں ہیں، بھارت کے 20 کروڑ مسلمانوں اور دوسری اقلیتوں کو مختلف حربوں کے ذریعے ان کا مکمل خاتمہ کرکے گاندھی اور نہرو کے سیکولرازم کے نظریے کے بر عکس ہندو ریاست کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کی جارہی ہے، 1992 میں آر ایس ایس نے بابری مسجد کو تباہ کیا، 2002 میں گجرات میںاس وقت کے وزیر اعلیٰ مودی کی قیادت میں دو ہزارمسلمانوں کا قتل عام کیا گیا اور 2007 میں آر ایس ایس کے غنڈوں نے سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین پر سوار 50 سے زائد مسلمانوںکو زندہ جلا دیا، آسام میں تقریباً دو کروڑ مسلمانوں کو امتیازی قوانین کے ذریعے جبراً قومیت سے محرومی کے خطرے کا سامنا ہے، اطلاعات کے مطابق بھارتی مسلمان شہریوںکی بڑی تعداد کو حراستی کیمپوں میں بھیجا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے جھوٹے الزام کے تحت بدنام کرنے کے ساتھ ساتھ نشانہ بنایا جا رہا ہے، انہیں متعدد مواقع پر طبی امداد سے بھی محروم رکھا گیا ہے اور ان کے کاروبار کا بائیکاٹ کیا گیا ہے، گائے کی نگرانی کرنے والے مسلمانوں پر بلاخوف و خطر حملہ آور ہو کر انہیں قتل کیا جا رہا ہے، گذشتہ فروری میں پولیس کی ساز باز سے مسلمانوں کو چن چن کر قتل کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ماضی میں بڑے پیمانے پر رجسٹریشن کا عمل نسل کشی کا پیش خیمہ ثابت ہوا ہے، 1935 میں جرمنی میں نیورم برگ قوانین اور1982 میں میانمر اس کی مثالیں ہیں، ہندتوا نظریہ کا ہدف تقریباً 30 کروڑ مسلمانوں، عیسائیوں اور سکھوں کو محدود کرنا ہے، اس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی اوریہ بھارت کے لیے اچھا شگون نہیں کیونکہ ہم سب جانتے ہیں کہ محدود کرنے کے نتیجے میں بنیادپرستی جنم لیتی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ گزشتہ 72 سال سے بھارت کشمیری عوام کی خواہشات کے برعکس اور سلامتی کونسل کی قراردادوں اور اپنے ہی وعدوںکی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے جموں و کشمیر پر غیر قانونی طور پر قابض ہے، گذشتہ سال 5 اگست کو بھارت نے غیر قانونی اور یکطرفہ طور پر مقبوضہ علاقوں کی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کی اور 80 لاکھ کشمیریوں کو محصور کرنے کے لیے اضافی فوج تعینات کی جس کی مجموعی تعداد اب 9 لاکھ ہوگئی ہے، تمام کشمیری سیاسی رہنماﺅں کو قید کر دیا گیا، تقریباً 13 ہزار کشمیری نوجوانوں کو اغوا اور ہزاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، مکمل کرفیو لگا دیا گیا اور اس کے ساتھ مواصلاتی رابطے مکمل طور پر معطل کر دیے گئے، بھارتی قابض افواج نے پرامن مظاہرین پر پیلٹ گن سمیت طاقت کا ظالمانہ استعمال کیا اور پوری آبادی کو تباہ کرنے سمیت مجموعی سزائیں نافذ کی گئیں اور جعلی مقابلوں میں سینکڑوں بے گناہ نوجوان کشمیریوں کا ماورائے عدالت قتل کیااور تدفین کے لیے ان کی میتیں بھی حوالے کرنے سے انکار کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری میڈیا اور جنہوں نے آواز بلند کرنے کی جرات کی ان کو کالے قوانین کے ذریعے باقاعدہ طور پر ہراساں اور خوف زدہ کیا جا رہا ہے، اس سب صورت حال کو اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمشنر، انسانی حقوق کونسل کے خصوصی نمائندوں کی رپورٹس انسانی حقوق اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کے بیانات میں اچھی طرح سے دستاویزی شکل دی گئی ہے، بین الاقوامی برادری لازمی طور پر ان سنگین خلاف ورزیوں کی تحقیق کرے اور انسانیت کے خلاف ریاستی دہشت گردی اور سنگین جرائم میں ملوث بھارتی شہریوں اور فوجی اہلکاروں کو سزا دلوائے۔

 وزیراعظم عمران خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کارروائیاں بلا خوف و خطر جاری ہیں اور اس ظالمانہ مہم کا مقصد آر ایس ایس۔بی جے پی کے جموں و کشمیر کے خود ساختہ حتمی حل کو عملی جامہ پہنانا ہے، اس مقصد کے حصول کے لیے فوجی محاصرے کے بعد مقبوضہ علاقے کے آبادی کے ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ یہ کشمیریوں کی خصوصی پہچان کو مٹانے کی ایک کوشش ہے تاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہونے والے استصواب رائے کے نتائج متاثر کیا جائے، یہ اقدام اقوام متحدہ کے چارٹر، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قانون خاص طور پر چوتھے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔ مقبوضہ علاقے کا آبادی کا ڈھانچہ تبدیل کرنا جنگی جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہادر کشمیری کبھی بھی بھارتی قبضے اور مظالم کے سامنے نہیں جھکیں گے، وہ منصفانہ مقصدکے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور بھارتی قبضے سے آزادی کے لیے نسل در نسل اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں، پاکستان کی حکومت اور عوام حق خود ارادیت کے لیے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی جائز جدوجہد میں ان کی حمایت کرتے ہیں اور ان کا ساتھ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔

 وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے غیر قانونی اقدامات اور مظالم سے توجہ ہٹانے کے لیے جوہری خطے میں پاکستان کے خلاف فوجی جارحیت کو ہوا دے رہا ہے، پاکستان نے بھارت کی طرف سے کنٹرول لائن اور ورکنگ باﺅنڈری پر بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنا کر اشتعال انگیزی اور جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں کے باوجودضبط کا مظاہرہ کیا ہے، ہم نے عالمی برادری کو بھارت کی طرف سے جھوٹے فلیگ آپریشن اور ناقص منصوبہ بندی کے تحت کی گئی دوسری کارروائی کے بارے میں مسلسل آگاہ رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے والدین نوآبادیاتی بھارت میں پیدا ہوئے تھے اور میں اس پہلی نسل سے ہوں جو آزاد پاکستان میں پروان چڑھی۔ میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ اگر آر ایس ایس کی قیادت میں بھارت کی فسطائی مطلق العنان حکومت نے پاکستان کے خلاف کوئی جارحیت کی تو پاکستانی قوم اس کا بھرپور جواب دے گی اور اپنی سالمیت کی بقاءکے تحفظ تک جنگ لڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیاءمیں اس وقت تک پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا جب تک تنازعہ جموں و کشمیر کو عالمی قانونی بنیادوں پر حل نہیں کیا جاتا، کشمیر کو درست طور پر نیوکلیئر فلیش پوائنٹ تسلیم کیا جاتا ہے، سلامتی کونسل کو ہر صورت ایک تباہ کن تنازعہ کو روکنا اور اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرانا ہوگا جیسا کہ اس نے مشرقی تیمور کے سلسلے میں کیا تھا۔ سکیورٹی کونسل نے گذشتہ سال تین مرتبہ جموں و کشمیر کی صورت حال کا جائزہ لیا ہے۔ اس کو ہر صورت مناسب عملی اقدامات اٹھانے چاہئیں اور بھارت کی طرف سے کشمیریوں پر نسل کشی کی لٹکتی ہوئی تلوار کو روکنے کے لیے آگے آنا چاہیے۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ پرامن حل کی بات کی ہے۔ اس لیے بھارت لازمی طور پر گذشتہ سال 5 اگست کو کئے گئے اقدامات واپس لے، فوجی محاصرے اور انسانی حقوق کی دیگر سنگین خلاف ورزیوں کو ختم کرے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے حل کے لیے متفق ہو۔

 انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کے لیے پاکستان کی خواہش کا اظہار افغانستان کے سیاسی حل کے لیے ہماری کوششوں سے بھی ظاہر ہوتا ہے۔ میرا ہمیشہ یہ موقف رہا ہے کہ دہائیوں پرانے تنازعہ افغانستان کا کوئی فوجی حل نہیں ہے اس کا واحد راستہ سیاسی حل ہے جس میں افغانستان کے تمام سیاسی رہنما شامل ہوں، پاکستان نے مکمل طور پر اس عمل کی سہولت کاری کی جو29 فروری 2019کو امریکہ۔طالبان امن معاہدے کی صورت میں سامنے آیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو انتہائی اطمینان ہے کہ اس نے اپنے حصے کی ذمہ داری نبھائی ہے، افغان رہنماﺅں کومصالحت کے حصول اور جنگ سے تباہ حال ملک میں امن کے قیام کے لیے اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے اور انہیں افغان فریقین کے درمیان 12 ستمبر سے شروع ہونے والے مذاکرات میں مجموعی، وسیع تر اور جامع سیاسی حل نکالنا چاہیے۔ یہ عمل ہر صورت افغانوں کے درمیان اوران کے زیرسر پرستی ہونا چاہیے جس میں کوئی مداخلت اور کوئی بیرونی اثرو رسوخ استعمال نہ کیا جائے۔

 وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغان پناہ گزینوں کی جلد واپسی بھی سیاسی حل کا حصہ ہونا چاہیے، تقریباً دو دہائیوں کی جنگ کے بعد یہ ضروری ہے کہ افغانستان کے اندر اور باہر سے بگاڑ پیدا کرنے والے عناصر کو امن عمل کو تہہ وبالا کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن واستحکام سے ترقی اور علاقائی رابطوں کے لیے نئی راہیں کھلیں گی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ آج بھی ایک رستا ہوا زخم ہے اور مشرق وسطی ہی نہیں پوری دنیا کے لیے اس مسئلہ کا منصفانہ اور پائیدار حل ناگزیر ہے، فلسطینی علاقے کا غیر قانونی الحاق، غیرقانونی بستیوں کی تعمیر اور فلسطینی عوام کے لیے غیر انسانی رہائشی صورت حال خصوصاً غزہ کے حالات کے نتیجے میں ایک مشکلات میں گرے ہوئے خطے میں امن قائم نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل کی قراردادوں بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حدود کے مطابق دو ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے جو 1967 سے قبل کی سرحدوں پر واپسی اور القدس الشریف ایک متحدہ اور آزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت ہیں۔

 ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ آج بھی بین الاقوامی تنازعات سے نبرد آزما ہونے، امن و سلامتی کی ترویج مساوی بنیادوں پر ترقیاتی عمل کو فروغ دینے اور عالمی مسائل کے حل کے لیے مجموعی اقدام کرنے کا بہترین قانونی ادارہ ہے، میں سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتا ہوں کہ عالمی تنازعات کی روک تھام کے لیے آگے بڑھیں، انہیں سلگتے ہوئے علاقائی تنازعات اور دیرینہ مسائل کو حل کے لیے سربراہوں کی سطح کے اجلاس بلانے چاہئیں، اقوام متحدہ کو موجودہ دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر بااختیار ہونا چاہیے اور جمہوریت، احتساب ، شفافیت اور استعداد کار کے وسیع تر فروغ کے لیے سلامتی کونسل سمیت اقوام متحدہ میں جامع اصلاحات ضروری ہیں، پاکستان اس عمل اور جدوجہد میں دوسرے رکن ممالک کے ساتھ فعال انداز میں شرکت جاری رکھے گا تاکہ تنازعات سے پاک دنیا وجود میں آئے جہاں امن اور سلامتی کے حالات میں سب کی خوشحالی کے لیے مساوی مواقع دستیاب ہوں۔

خطاب  کے  اہم نکات

 مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا، سپر پاور بننے کے خواہاں ممالک کے درمیان اسلحہ کی نئی دوڑ شروع ہوچکی ہے، تنازعات شدت اختیار کررہے ہیں، فوجی مداخلت اور غیر قانونی انضمام کے ذریعے لوگوں کے حق خود ارادیت کو دبایا جارہا ہے، بھارت کی فسطائی حکومت نے پاکستان کے خلاف کوئی کارروائی کی تو پاکستانی قوم اس کا بھرپور جواب دے گی ۔

 کورونا وائرس نے دنیا کو متحد ہونے کا پیغام دیا ہے، ہمیں پیغام ملتا ہے کہ دنیا میں جب تک ہر شخص محفوظ نہیں اس وقت تک دنیا میں کوئی شخص محفوظ نہیں، کورونا نے دنیا بھر میں غریب اور نادار افراد کو سخت متاثر کیا، پاکستان نے اسمارٹ لاک ڈاﺅن کی پالیسی اپنائی، پاکستان میں ہم نے سخت لاک ڈاﺅن نہیں کیا۔

 ہماری خارجہ پالیسی میں علاقائی امن و سلامتی کو اولیت حاصل ہے اور ہمارا مؤقف ہے کہ تمام مسائل بات چیت کے ذریعے حل ہونے چاہئیں، بین الاقوامی معاہدوں کا تمسخر اڑانے کے ساتھ ساتھ ان کو نظرانداز کیا جارہا ہے، بڑی طاقتوں کے درمیان از سر نو رقابت کے نتیجے میں ہتھیاروں کی نئی دوڑ شروع ہورہی ہے۔

 تنازعات بڑھ رہے ہیں اور ان میں شدت آ رہی ہے، فوجی قبضے اور غیر قانونی الحاق کے ذریعے لوگوں کے حق خودارادیت کو دبایا جارہا ہے،منی لانڈرنگ میں ملوث مافیا کو بہترین وکلاءتک رسائی حاصل ہوتی ہے اور افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ مستفید کنندہ ہونے کی وجہ سے امیر ممالک اس مجرمانہ سرگرمی کا قلع قمع کرنے کے لیے سیاسی قوت ارادی سے عاری ہیں۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay