چین کو 71 ویں قومی دن پر وزیراعظم عمران خان کی مبارکباد

وزیراعظم عمران خان نے چین کے ساتھ پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہر آزمائش پر پورا اترنے والی تزویراتی تعاون پر مبنی ہماری شراکت داری مضبوط سے مضبوط تر ہوتی جا رہی ہے، چین کے بنیادی قومی مفادات کے سلسلے میں پاکستان اس کی حمایت جاری رکھے گا۔

 عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 71ویں سالگرہ کے موقع پر چینی وزیراعظم کے نام اپنے مبارکباد کے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ حکومت پاکستان ، عوام اور اپنی جانب سے دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یکم اکتوبر 1949 کو نئے چین کا قیام تاریخ میں یادگارحیثیت کاحامل ہے، چین کمیونسٹ پارٹی کی زیرقیادت اعتدال پسند، خوشحال معاشرے کےاہداف حاصل کرنے کیلئے تیارہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ پاک چین دوطرفہ تعلقات ہمیشہ مستحکم رہے، پاک چین دو وطرفہ تعاون پر مبنی تذویراتی شراکت مضبوط سے مضبوط تر ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت سی پیک کو بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تحت کامیاب بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چین کی کورونا وبا کے خلاف نمایاں کامیابی باعث مسرت ہے، کورونا کے خلاف جنگ میں پاک چین باہمی تعاون اور مشترکہ کاوشیں مثالی رہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین ترقی پذیرملکوں کیلئے ترقی کی روشن مثال ہے، چین نے بدعنوانی کے خاتمےاورعوام کو غربت سے باہر نکال کرخوشحالی کا سفر طے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کی غیرمتزلزل دوستی اور تذویراتی شراکت کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر چینی وزیراعظم کی صحت و خوشگوار زندگی اور چینی عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔

کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار خان آفریدی کا پیغام

کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان کے آئرن بھائی چین کو اس کے 71 ویں قومی دن پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

سماجی  روابط کی  ویب  سائٹ ٹیوٹر پر چین کے قومی دن کے موقع پر اپنے  پیغام میں  کہا کہ  دونوں پڑوسیوں کےدرمیان وقت کا آزمائشی رشتہ اس بے مثال دوستی کو ثابت کرتا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ چین کی ترقی دنیا کے سامنے ایک ماڈل ہے ، علاقائی ترقی کے لئے سی پیک منصوبے اور دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات مستقبل کے لئے ترقی کی روشن مثال ثابت ہوں گے۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay