عالمی برادری بھارت کےناپاک عزائم روکنےکےلیےاقدامات کرے،وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے بھارت کے پاکستان کے خلاف گھناؤنے عزائم اور نریندر مودی کی حکومت کی فسطائیت کو بے نقاب کرنے کا سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سماجی روعابط کی ویب سائٹ ٹیوٹر پر جاری اپنے متعدد ٹوئٹس میں وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ اس سے پہلے کہ مودی حکومت خطے کو ایک خطرناک تنازع میں جھونک دے، عالمی برادری بھارت کو ہٹ دھرمی اور جنگی جنون کے ایجنڈے سے روکے۔

وزیراعظم نے افسوس ظاہر کیا کہ نریندر مودی بھارت کو ایک بدمعاش ریاست میں بدلنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی بھارتی پشت پناہی ، غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں اس کے مظالم اور ہمارے خلاف پندرہ سال سے جاری گمراہ کرنے کی عالمی مہم بے نقاب ہوگئی۔

عمران خان نے کہا کہ بھارت کے اپنے ذرائع ابلاغ نے اب اس مذموم گٹھ جوڑ کے بارے میں انکشاف کیا ہے جو ایٹمی ہتھیاروں سے لیس ہمارے خطے کو ایک تنازع کے دھانے کی جانب دھکیل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنگ پر اکسانے کے حوالے سے مشہور ایک بھارتی صحافی کی بات چیت سے حالیہ انکشافات میں مودی حکومت اور بھارتی ذرائع ابلاغ کے درمیان ناپاک گٹھ جوڑ کا پتہ چلا ہے جو ایک خطرناک فوجی مہم جوئی کا باعث ہوسکتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے بالاکوٹ واقع کے جواب میں ایک ذمہ دارانہ اور مربوط ردعمل دیتے ہوئے ایک بڑے بحران کو ٹالا۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay