براڈشیٹ اسکینڈل: ن لیگ اور پی پی نے جسٹس (ر) عظمت سعید کی تقرری کی مخالفت کردی

براڈ شیٹ اسکینڈل پر ن لیگ نے جسٹس (ر) عظمت سعید کی تقرری مسترد کر دی۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عمران صاحب ہمت کر کے قوم کو صحیح بتائیں کہ آپ کو این آر او چاہیے۔

انہوں نے مزید کہاکہ سابق ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سے ہی تحقیقات کرانا براڈ شیٹ سے بڑا فراڈ ہے، جسٹس (ر) عظمت سعید شوکت خانم اسپتال کے بورڈ آف گورنرز کے رکن ہیں، عمران صاحب نے ثابت کر دیا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کے نیچے کوئی بھی شفاف، آزادانہ اور منصفانہ تحقیقات نہیں ہو سکتی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ جن سے تحقیقات ہونی چاہیے، انہیں سے تحقیقات کرانا انصاف کا قتل ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ تقرری دراصل عمران صاحب اور ان کی حکومت کی بدنیتی ہے، ‎نیب بطور ادارہ براڈ شیٹ سے پاکستان کو پہنچنے والے نقصانات کا ملزم ہے، یہ معاہدہ ہی پاکستانی عوام کو پہنچنے والے 10 ارب روپے کے نقصان کی وجہ بنے، قوم اپنی کمائی لوٹنے اور لٹانے والوں کا احتساب چاہتی ہے۔

زخموں پر نمک چھڑکنے والا مذاق نہیں، منتخب وزیر اعظم کے خلاف جے آئی ٹی کے ہیرے تلاش کرنے اور ان کی نگرانی کے کردار کو کیسے نظر انداز کیا جا سکتا ہے ؟۔

دوسری جانب سینیٹ اجلاس میں مسلم لیگ ن نے براڈ شیٹ معاملے پر ایک بار پھر سینیٹ ہول کمیٹی بنانے کا مطالبہ کر دیا۔ سینیٹر جاوید عباسی نے نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ براڈ شیٹ کے معاملے پر میڈیا میں تماشہ لگا ہوا ہے، خود کہا تھا کہ اس معاملے پر کمیٹی بنائیں، کمیٹی آف ہول سے بڑی کوئی کمیٹی نہیں ہو سکتی، معاملہ ایسا تھا جس پر سنجیدگی سے سوچنا چاہیے تھا، حکومت نے وعدہ کر کے کمیٹی کی تشکیل نہیں کی، براڈ شیٹ میں جن کے نام ہیں، انہیں کمیٹی میں بلایا جائے، حکومت نے اپنی مرضی سے ایک الگ کمیٹی بنا دی۔

ادھر براڈ شیٹ معاملے پر پیپلزپارٹی بھی ن لیگ کی ہم خیال نکلی، تحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل مسترد کر دی۔ نیئر بخاری کا کہنا ہے کہ براڈ شیٹ کمیٹی کے سربراہ کی تعیناتی سے حکومت کی بد دیانتی سامنے آ چکی، جسٹس ریٹائرڈ شیخ عظمت سعید کی تعیناتی کا مقصد تمام ملبہ اپوزیشن اور سابقہ حکومتوں پر گرانا ہے۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay