مسلسل آٹھویں ماہ ترسیلات زر2ارب امریکی ڈالرزسےزائدرہیں،اسٹیٹ بینک

state-bank-of-pakistan

اسلام آباد: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق گزشتہ ماہ ترسیلات زر مسلسل آٹھویں مہینے 2 ارب امریکی ڈالرز سے زائد رہیں جو کہ جنوری 2020 کے مقابلے میں 19 فیصد زیادہ ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ گزشتہ ماہ ترسیلات زر مسلسل آٹھویں مہینے 2 ارب امریکی ڈالرز سے زائد رہیں۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق جنوری 2021 میں ترسیلات زر 2.3 ارب ڈالر رہیں جو کہ گزشتہ جنوری 2020 کی نسبت 19 فیصد زیادہ ہیں جنوری میں ترسیلات زر دسمبر میں وصول ہونے والی  2.4 ارب ڈالرز کے مقابلے میں کچھ کم رہیں۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی سے جنوری تک ترسیلات زر کا حجم 16.5 ارب ڈالر رہا جو گزشتہ سال سے 24 فیصد زیادہ ہے، جولائی سے جنوری تک ترسیلات زر کا بڑا حصہ سعودی عرب سے 4.5 ارب ڈالر رہا۔

اس عرصے میں متحدہ عرب امارات سے 3.4 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں، برطانیہ سے 2.2 ارب اور امریکا سے 1.4 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے مزید کہا گیا کہ کووڈ 19 کی دوسری لہر کے سبب محدود سفر اور شرح مبادلہ کے لچکدار نظام کا بھی عمل دخل رہا۔

اسٹیٹ بینک کی رپورٹ پر وزیر اعظم عمران خان نے بھی خوشی کا اظہارکیا۔

اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ترسیلات زر میں اضافہ ملکی تاریخ میں ریکارڈ اضافہ ہے میں سمندر پار پاکستانیوں کاانتہائی شکرگزارہوں۔

 مزید پڑھیں: ترسیلات زرمیں اضافہ،وزیراعظم سمندرپارپاکستانیوں کےشکرگزار

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay