وزیراعظم پاکستان عمران خان اور کابینہ کے چند اراکین کے بیانات سن کر دکھ ہوا، الیکشن کمیشن پاکستان

Election-Commission-of-Pakistan

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں سینیٹ الیکشن کے نتائج پر حکومتی  ناراضی کو مکمل طور پر مسترد کردیا گیا ہے۔

رواں روز چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے گزشتہ روز کے خطاب کا جائزہ لیا گیا۔ جس کے بعد الیکشن کمیشن نے مؤقف اختیار کیا کہ سینیٹ الیکشن آئین اور قانون کے مطابق کروانے پر خدا کے شکر گزار ہیں۔ سینیٹ الیکشن خوش اسلوبی سے اختتام پذیر ہونے پر بھی خدا کے شکر گزار ہیں۔

آج الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن نتائج کے بعد ذرائع ابلاغ کے ذریعے جو خیالات مشاہدے میں آئے ہیں انہیں سن کر دکھ ہوا۔ بالخصوص وزیراعظم پاکستان عمران خان اور کابینہ کے چند اراکین کے بیانات سن کر دکھ ہوا ہے۔

جاری اعلامیے میں الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن پاکستان ایک آئینی اور آزاد ادارہ ہے۔ الیکشن کمیشن کا معیار وہی ہے جس کی آئین اور قانون اجازت دیتا ہے۔ ہم کسی کی خوشنودی کی خاطر آئین اور قانون کو نظر انداز کر سکتے ہیں اور نا ترمیم کر سکتے ہیں۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن بغیر کسی دباؤ کے آئین اور قانون کے مطابق فیصلے کرتا ہے۔ اور پاکستان میں جمہوریت کو فروغ  دینے میں کوشاں ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایک ہی روز ایک ہی چھت کے نیچے ایک ہی الیکٹورل میں ایک ہی عملے کی موجودگی میں جو ہار گئے وہ نا منظور اور جو جیت گئے وہ منظور ہیں۔ کیا یہ کھلا تضاد نہیں؟ مزید کہا کہ یہی جمہوریت، آزادانہ الیکشن اور خفیہ بیلٹ کا حسن ہے۔ جسے پوری قوم نے دیکھا اور یہی آئین کی منشا تھی۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جن خیالات کا اظہار کیا گیا ہے اگر اسی طرح اداروں کی تضحیک کی جاتی رہی تو یہ ان کی کمزوری کے مترادف ہو گا نہ کہ الیکشن کمیشن کی۔ شو آف ہینڈ پارلیمان سے منظور کروانے میں کیا امر مانع تھا؟ الیکشن کمیشن کا کام قانون سازی نہیں بلکہ قانون کی پاسبانی ہے۔ نیز ہر سیاسی جماعت اور شخص میں شکست تسلیم کرنے کا جذبہ ہونا چاہیے۔ اگر کہیں اختلاف ہے بھی تو شواہد کے ساتھ آئیں۔ ہم آپ کی تجاویز سن سکتے ہیں تو شکایت کیوں نہیں سن سکتے؟ ہمیں کام کرنے دیں اور ملکی اداروں پر کیچڑ نہ اچھالیں۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay