برطانوی ویکسین کو عارضی طور پر روکا گیا، سعودی وزارت صحت

ریاض: سعودی عرب نے کورونا کی  آکسفورڈ آسٹرازینیکا نامی برطانوی ویکسین کو روکنے کا عمل عارضی قرار دے دیا ہے۔

عربی خبر رساں ادارے کے مطابق ترجمان سعودی وزارت صحت ڈاکٹر محمد العبدالولی نے کہا ہےکہ آکسفورڈ آسٹرا زینیکا کورونا وائرس ویکسین کو بعض یورپی ممالک نے تحفظ یقینی بنانے کے لیے روکا ہے جبکہ ویکسین کو روکنے کا عمل عارضی اور پہلے سے اختیار کی گئی احتیاطی تدابیر کے تحت ہے جو عام طور پر ویکسینز کے ساتھ کیا جاتا ہے۔

سعودی وزارت صحت کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ہم اس بات کی یقین دہانی کراتے ہیں کہ وہ ممالک جنہوں نے آسٹرا زینیکا ویکسین کے استعمال کوترک کیا تھا اب وہی ممالک اس ویکسی نیشن کے محفوظ ہونے کی تصدیق کے بعد اس پر واپسی آچکے ہیں۔

محمد العبدالولی نے کہا کہ ہم تصدیق کرتے ہیں کہ سعودی عرب میں تمام کرونا  ویکسینز محفوظ ہونے کے ساتھ موئثر بھی ہیں۔

عربی نشریاتی ادارے کے مطابق سعودی عرب میں جمعہ کے روز کورونا وائرس کے باعث مزید 5 اموات ہوئیں جس کے بعد اموات کی تعداد 6556 ہوگئی جبکہ 360 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کل کیسز کی تعداد 3 لاکھ 81 ہزار سے بھی تجاوز کرگئی ہے۔

یاد رہےکہ برطانوی کورونا ویکسین اسکفارڈ آسٹرا زینیکا کے استعمال کے نتیجے میں خون جمنے کے واقعات کے بعد ڈنمارک، ناروے، آئس لینڈ اور اٹلی نے ویکسین کا استعمال عارضی طور پر معطل کردیا۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay