کابینہ میں رد و بدل، شبلی فراز وزیر سائنس و ٹیکنالوجی، شوکت ترین وزیر خزانہ مقرر

وفاقی وزیر شبلی فراز کو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی وزارت دے دی گئی جبکہ شوکت ترین کو وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو کا قلمدان سونپ دیا گیا۔

وفاقی کابینہ میں ردوبدل کی گئی ہے عمر ایوب کو اکنامک افیئر کی وزارت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔حماد اظہر کو وزارت توانائی جبکہ خسرو بختیار کو صنعت و پیداوار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اپنے صوابدیدی اختیارات کے تحت کسی بھی شخص کو 6 ماہ کے لیے وزیر مقرر کرسکتے ہیں اور انہی اختیارات کے تحت شوکت ترین کو وزیر خزانہ کی ذمہ داریاں دی گئی ہیں لہٰذا مستقبل میں انہیں سینیٹر بنانے یا الیکشن لڑانے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

29 مارچ کو وزیر خزانہ بننے والے حماد اظہر سے صرف 18 روز بعد وزارت خزانہ کا قلمدان واپس لے لیا گیا اور انہیں وزیر توانائی بنایا گیا ہے جب کہ خسرو بختیار کی وزارت بھی تبدیل کردی گئی ہے اور ان سے اکنامک افیئرز کی وزارت لے کر صنعت و پیداوار کی وزارت دی گئی ہے۔

وزیر توانائی عمر ایوب کی وزارت تبدیل کرکے انہیں اکنامک افیئرز کا وزیر بنایا گیا ہے جب کہ سابق وزیر اطلاعات شبلی فراز کو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا وزیر بنایا گیاہے۔

فواد چوہدری سے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی وزارت لے کر انہیں وزارت اطلاعات کا قلمدان سونپا گیا ہے۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay