وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب انتہائی اہمیت کا حامل ہے: سعودی وزیرخارجہ

سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب انتہائی اہمیت کا حامل ہے، سعودی ولی عہد بھی دورہ پاکستان کی خواہش رکھتے ہیں، خوشی ہے پاکستان اسلاموفوبیا سے نمٹنے کیلئے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کا خصوصی انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان کے دورے سے متعلق کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودیہ کے 70 سال پر محیط تعلقات بہت اہم ہیں، وزیراعظم عمران خان کے دورے میں تجارت، معاشی تعاون پر توجہ مرکوز تھی۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے دورے میں مخصوص پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا اعلان کیا، مزید پاکستانی قیدیوں کی رہائی سے متعلق اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئےعمل پیرا ہے، دونوں ممالک ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کر سکتے ہیں۔ خوشی ہے پاکستان اسلامو فوبیا سے نمٹنے کیلئے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، مسئلے سے متعلق اسلامی ممالک میں بات چیت ضروری ہے، اسلاموفوبیا کے خلاف او آئی سی کا کردار بھی اہم ہے۔

قبل ازیں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے جمعے کی شب وزیر اعظم عمران خان نے ملاقات کی جس کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان کئی معاہدوں پر بھی دستخط ہوئے ہیں۔ سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیراعظم پاکستان عمران خان نے قصر السلام جدہ کے ایوان شاہی میں مذاکرات کیے۔

انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے دو طرفہ تعلقات کے استحکام کے موضوع پر بات چیت کی۔ سعودی پاکستانی اعلی رابطہ کونسل کے معاہدے پر دستخط کیے۔ دونوں رہنماؤں کی موجودگی میں پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان دو معاہدوں اور دو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay