حکومت،حزب اختلاف کا قومی اسمبلی کی کارروائی خوش اسلوبی سے چلانے پر اتفاق

حکومت اور حزب اختلاف کی جماعتوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس کی پُرامن کارروائی یقینی بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ اتفاق رائے بدھ کے روز پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں طے پایا۔بعد میں وزیر دفاع پرویز خٹک نے اطلاعات و نشریات کے وزیر چوہدری فواد حسین کے ہمراہ صحافیوں کو مذاکرات کے نتائج سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اجلاس کے دوران کوئی ہلڑ بازی نہیں ہو گی اور دونوں طرف کے ارکان شائستہ زبان استعمال کریں گے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ یہ بھی فیصلہ ہوا ہے کہ سپیکر کو مزید بااختیار اور ہم آہنگی کے ساتھ ایوان کی کارروائی یقینی بنانے کے لئے ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پارٹی کی قیادت بھی یہ یقینی بنائے گی کہ ایوان میں کوئی ہنگامہ آرائی نہ ہو۔

انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ حزب اختلاف ڈپٹی سپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد واپس لے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے حزب اختلاف کو انتخابی اور عدالتی اصلاحات پر مذاکرات کی پہلے ہی دعوت دے رکھی ہے۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay