کرپشن کے داغ منہ ٹیڑھا کر کے انگریزی بولنے سے نہیں دھلیں گے،حماد اظہر

وفاقی وزیر حماد اظہر نے  کہا ہےکہ اگربلاول بھٹومیں ہمت ہےمیری تقریرسن کرجائیں، کرپشن کے داغ منہ ٹیڑھا کر کے انگریزی بولنے سے نہیں دھلیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں جیسے ہی وفاقی وزیر حماد اظہر نے  تقریر شروع کی مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ایوان سے چلے گئے۔

وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ ہمیں آج نابالغ لیکچر ملا، سابق وزیرِ اعظم نے کہا تھا کہ آپ کو جوتا ماروں گا اور آج تک معافی نہیں مانگی۔

انہوں نے کہا کہ جنہوں نے کبھی کاروبار نہیں کیا وہ بتا رہے ہیں کہ معیشت کیسے چلانی ہے، ہمیں لوگوں نے منتخب کیا ہے، ہم 10 اور 20 فیصد کی بنیاد پر یہاں نہیں آئے۔ پیپلز پارٹی کی ڈیسک سے جتنی بری آوازیں آتی ہیں، وہ گلی کوچوں میں نہیں سنیں، پنجاب کا کلچر گالی دینا نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بجٹ پڑھ کر مجھے بتائیں کون سے ٹیکس آزاد کشمیر میں ہم نے لگائے ہیں، پیپلز پارٹی کے دور میں مہنگائی کی شرح زیادہ رہی۔

ان کا کہنا  تھا کہ 4 فیصد گروتھ پر انہیں بہت تکلیف ہو رہی تھی، میں نے ڈیٹا نکالا، پیپلز پارٹی دور کے 5 سال میں ایک بھی سال ایسا نہیں تھا جس میں 1 فیصد گروتھ حاصل کر لیتے۔

انہوں نے کہا کہ لائف ٹائم اور ٹیوب ویل صارفین کے لیے الگ سلیب ہے، پاکستان کے بجلی کے ٹیرف میں دونوں سلیب کے سب سے کم ریٹ ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے علاقوں میں کتے کاٹنے سے کوئی بیماری نہیں پھیلی، پیپلز پارٹی آئی ایم ایف کے پاس سب سے زیادہ گئی ہے۔

ان  کا مزید کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی امریکا کو کہتی تھی کہ ڈرون مارتے جاؤ، لوگ مرتے ہیں تو ہم مذمت کرتے جائیں گے۔بلاول بھٹو زرداری عوام کی بات انگلش میں اور امریکا کو اڈے نہ دینے کی بات اردو میں کرتے ہیں۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay