پاکستان،افغانستان باہمی روابط کے فروغ کیلئے میڈیا پل کا کردار ادا کرسکتا ہے،آرمی چیف

بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ثقافتی و معاشرتی اور عوام کی سطح پر رابطوں کے فروغ کیلئے ذرائع ابلاغ پل کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔

وہ افغان ذرائع ابلاغ کے پندرہ رکنی وفد سے گفتگو کر رہے تھے جس نے جمعہ کے روز راولپنڈی میں ان سے ملاقات کی۔بری فوج کے سربراہ نے کہا کہ میڈیا اور عوام کی ذمہ داری ہے کہ امن کو نقصان پہنچانے والے عناصر کی نشاندہی کریں اور ان کو شکست دیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان کی دلی خواہش ہے کیونکہ دونوں ملکوں کا استحکام ایک دوسرے سے وابستہ ہے۔

جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ ایسے عناصر کو امن کو سبوتاژ کرنے نہیں دیا جائے گا۔پاکستان کی جانب سے سرحد پر جامع انتظامات کیلئے اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرحدوں کا تحفظ دونوں ممالک کے بہترین مفاد میں ہے۔دونوں ممالک کیلئے علاقائی رابطوں کے فوائد پر بات کرتے ہوئے انہوں نے علاقے میں پائیدار ترقی کیلئے افغانستان میں امن کی اہمیت کو اجاگر کیا۔افغان صحافیوں نے کھلے دل سے ملاقات پر بری فوج کے سربراہ کا شکریہ ادا کیا۔

افغان عوام کے لئے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کی تعریف کی جن میں پناہ گزینوں کی میزبانی اور افغانستان میں امن کے عمل کے لئے سہولت کاری شامل ہے۔

Junior - Taleem Aam Karaingay - Juniors ko Parhaingay