6 ستمبر پاکستان کی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، صدرممنون حسین

اسلام آباد: صدر مملکت ممنون حسین کا کہنا ہے کہ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

صدر مملکت ممنون حسین کا یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ 53 سال قبل ہماری افواج نے دشمن کی جارحیت کو ناکام بنایا تھا اور قوم نے یکجہتی کے ساتھ فوج کے شانہ بشانہ وطن کا دفاع کیا تھا۔

ممنون حسین کا کہنا تھا کہ آج کا دن شہدا اورغازیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ہے اور آج ہمیں دفاع وطن کے لیے اپنےعہد کی تجدید کرنا ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فخر ہے، قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فوج کے ساتھ کھڑی ہوئی ہے۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا یوم دفاع پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ ملک کے شہید بیٹوں اور بیٹیوں کو سلام پیش کرتا ہوں اور شہدا نے وطن عزیز کے دفاع کی خاطر جام شہادت نوش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء ہمارے ہیرو ہیں، انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی کا یوم دفاع پر وطن کے شہیدوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 6 ستمبر 1965 کا دن پاکستانی افواج کی جرات مندی سےعبارت ہے۔