71 سال گزرنے کے بعد بھی ملک غربت اور جہالت کے اندھیرے میں ہے، سراج الحق

لاہور: امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ 71 سال گزرنے کے بعد بھی ملک غربت اور جہالت کے اندھیرے میں ہے۔

امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا مرکز منصورہ میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ قیام پاکستان کے لیے ہمارے بڑوں نےعظیم تر قربانیاں پیش کیں ہیں۔ پاکستان مسلمانوں کی جدوجہد اور شہادتوں کاثمر ہے۔

سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان محض جغرافیہ نہیں، ہمارا نظریہ اور ایمان ہے جبکہ پاکستان کے خاطر جینا افضل جہاد اور مرنا مقدس شہادت ہے۔ پاکستان قیامت تک قائم ودائم رہے گا اور پاکستان کے تمام مسائل کا حل نظام مصطفیٰ کے نفاذ میں ہے۔

امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ اللہ کے نظام کی موجودگی میں کسی دوسرے نظام کی ضرورت نہیں ہے اور دائیں بائیں دیکھنے کی بجائے مدینہ کی طرف دیکھنے کی ضرورت ہے۔

سینیٹر سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ 71 سال گزرنے کے بعد بھی ملک غربت اور جہالت کے اندھیرے میں ہے اور اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بہترین جغرافیے اور بے پناہ وسائل سے نوازا ہے۔