ایشین کرکٹ کونسل کا پاک بھارت میچ کی مزید ٹکٹیں فروخت کرنے کا فیصلہ

دبئی: ایشیئن کرکٹ کونسل نے 19 ستمبر کو شیڈول پاک بھارت میچ کے مزید ٹکٹس فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

متحدہ عرب امارات میں ایشیا کپ 2018 میں 15 ستمبر سے شروع ہورہا ہے ۔ جس میں پاکستان کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے 19 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم  میں ہو گا۔

شائقین کی دلچسپی اور پاک بھارت میچ کے ٹکٹ چند ہی گھنٹوں میں فروخت ہونے کے سبب ایشین کرکٹ کونسل نے مزید ٹکٹیں آن لائن فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹکٹوں کی قیمتیں پہلے کی طرح 20 سے 720 درہم کے درمیان ہوں گی۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ 2018 میں مجموعی طور پر چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں سری لنکا، افغانستان اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔ جب کہ گروپ بی میں پاکستان اور بھارت کو رکھا گیا ہے، اس گروپ کی تیسری ٹیم کا انتخاب کوالیفائنگ ٹورنامنٹ سے کیا جائے گا۔