ہمارے ووٹ پر ڈاکہ ڈالنا جمہوری تاریخ پر سیاہ دھبہ ہے، حمزہ شہباز

Hamza Shahbaz

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ ہمارے ووٹ پر ڈاکہ ڈالنا جمہوری تاریخ پر سیاہ دھبہ ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کا بلدیاتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جن صاحب کو اسپیکر بنایا گیا انہوں نے پنجاب بینک کو لوٹا ہے اور بلدیاتی نظام کے داعی بننے والے کی شہرت قبضہ گروپ کی ہے۔

ن لیگ کے رہنما حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ دیامیر بھاشا ڈیم کیلئے 48 ہزار ایکڑ زمین نوازشریف کے دور میں خریدی گئی تھی اور کنٹینر پر چڑھ کر لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے والے کہتے ہیں 3 مہینے کچھ نہ کہا جائے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ چینی صدر نے شہباز شریف کو کہا 42 ارب ڈالر سرمایہ کاری نواز شریف کے لیے تحفہ ہے اور حکومت میں آنے والے ایک دوسری کی ٹانگیں کھینچتے رہ جائیں گے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کا مزید کہنا تھا کہ دیامیر بھاشا ڈیم نواز شریف ہی بنائیں گے اور بلدیاتی نظام پر شب خون مارنے والی جعلی حکومت کی پسپائی ہوگی۔