صدارتی انتخاب: اعتزاز، فضل الرحمان اورعارف علوی کے کاغذات نامزدگی منظور

اسلام آباد: صدارتی انتخاب کے لیے اعتزاز احسن، مولانا فضل الرحمان اور عارف علوی کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا نے اعتزاز احسن، مولانا فضل الرحمان اور عارف علوی کے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے ہیں۔

کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے موقع پر پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن اور تحریک انصاف کے ڈاکٹر عارف علوی پیش ہوئے جب کہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے عبدالغفور حیدری اور احسن اقبال پیش ہوئے۔

پی ٹی آئی کےصدارتی امیدوارعارف علوی کی میڈیا گفتگو

عارف علوی کا کہنا تھا کہ کاغذات نامزدگی منظورہونےپروزیراعظم اورپارٹی کا مشکورہوں،عمران خان کاشکرگزارہوں،انہوں نےبھروسہ کیا۔

عارف علوی نے کہا کہ امید ہےبھاری اکثریت سےکامیابی حاصل کریں گے، پاکستان میں ووٹ عمران خان اوربلےکوملا ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ عوام نےعمران خان کوووٹ دیا ہے۔

 واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار کاغذات نامزدگی 30 اگست کو دوپہر12 بجے تک واپس لے سکیں گے جس کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست کل جاری ہوگی۔

 الیکشن کمیشن کے مطابق ملک کے 13ویں صدر کے انتخاب کے لیے پولنگ  4 ستمبرکو ہوگی۔ پولنگ کا عمل صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گا۔نئے صدر کے لیے پارلیمنٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ووٹنگ ہوگی۔

الیکشن کمیشن نے امیدواروں کو آج صبح 10 بجے کمیشن کے سامنے تجویز کنندگان اور تائید کنندگان کے ہمراہ پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق تجویز کنندگان اور تائید کنندگان کو اپنے اصلی شناختی کارڈ اور سینیٹ اور متعلقہ اسمبلی سے جاری رکنیت کارڈ اپنے ہمراہ لانا ہوں گے۔