ملک بھر میں عید الاضحیٰ کے موقع پر قربانیوں کا سلسلہ جاری

کراچی: پاکستان بھر میں نماز عید کے اجتماعات کے بعد جگہ جگہ سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کو اللہ کی راہ میں قربان کیا جا رہا ہے۔

ملک بھر میں عید الاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے ، مختلف شہروں میں نماز عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے ۔ سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے قربانی کی جا رہی ہے ۔

ملک بھر میں آج عید الاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے ۔ اسلام آباد میں نماز عید کا سب بڑا اجتماع شاہ فیصل مسجد میں ہوا جہاں ہزاروں افراد نے عید کی نماز ادا کی اور گلے شکوے بھلا کر ایک دوسرے سے عید ملی ۔

کراچی میں بھی نماز عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے ، میمن مسجد ، بولٹن مارکیٹ ، سبیل والی مسجد ، عیدگاہوں اور دیگر مقامات پر بھی عید کی نماز ادا کی گئی جس میں ملکی سلامتی استحکام کیلئے دعا کی گئی ۔

نماز کی ادائیگی کے بعد لوگوں نے سنت ابراہیمی ادا کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی شروع کردی ہے۔ کہیں بکرے ، دنبے تو کچھ لوگ چھوٹے بڑے بیلوں کی قربانی میں مصروف ہیں۔

سندھ کے محکمہ داخلہ نے کراچی میں کھالوں کے حصول کے لیے ہونے والے لڑائی جھگڑے سے بچنے کے لیے قربانی کی کھالیں جمع کرنے والی تنظیموں اور اداروں کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کیا ہے۔

قربانی کے جانور کی کھالیں جمع کرنے والے اداروں ، تنظیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان کے کارکن کھالیں ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کریں تو ان کے پاس قومی شناختی کارڈ، ادارے کا کارڈ اور محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے اجازت نامے کی نقل موجود ہونی چاہئیے۔

بصورت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو یہ حق ہوگا کہ یہ کھالیں ضبط کرلیں۔

قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے لیے ہر سال ضلعی حکومتوں کی جانب سے ضابطہ اخلاق بھی جاری کیا جاتا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے بھی صوبہ بھر میں بلااجازت قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔