ڈاکٹرعارف علوی نے13ویں صدرپاکستان کی حیثیت سےحلف اٹھالیا

اسلام آباد : ڈاکٹرعارف علوی نے13ویں صدرپاکستان کی حیثیت سےحلف اٹھالیا، چیف جسٹس ثاقب نثارنےڈاکٹرعارف علوی سےحلف لیا۔

 ایوان صدر میں منعقدہ تقریب حلف برداری کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ملک کے 13ویں صدر عارف علوی سے حلف لیا۔حلف اٹھانے کے بعد عارف علوی نے حلف نامے پر دستخط کیے جس کے بعدممنون حسین کی 5 سالہ مدت صدارت ختم ہوگئی۔

تقریب میں وزیراعظم عمران خان، چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل زبیر محمود حیات موجود ہیں۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، گورنرسندھ عمران اسماعیل اور شاہ فرمان، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال، اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر بھی ایوان صدر میں موجود تھے۔

واضح رہے کہ سابق صدر ممنون حسین کو گزشتہ روز عہدے سے سبک دوش ہونے پر الوداعی گارڈ آف آنر دیا گیا، مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انھیں سلامی دی، سابق صدر نے ایوانِ صدر کے عملے سے بھی الوداعی ملاقاتیں کیں۔

خیال رہے کہ 4 سمتبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں ڈاکٹر عارف علوی بھاری اکثریت میں ووٹ حاصل کرکے ملک کے 13ویں صدر منتخب ہوئے تھے۔

ڈاکٹرعارف علوی 29 جولائی 1949 کو پیدا ہوئے اور وہ پیشے کے اعتبار سے ڈینٹسٹ ہیں جب کہ پاکستان ڈینٹل کونسل اور ایشیا پیسیفک ڈینٹل فیڈریشن کے صدر رہے ہیں۔

ڈاکٹر عارف علوی کا شمار 1996 میں پاکستان تحریک انصاف کی بنیاد رکھنے والوں میں سے ہوتا ہے۔