ڈیموں کی تعمیر کے لیے تینوں مسلح افواج کا فنڈ دینے کا اعلان

راولپنڈی: تینیوں مسلح افواج نے ڈیموں کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالنے کا اعلان کردیا ہے ۔ فوجی افسران 2 اور جوان 1 دن کی تنخواہ ڈیم فنڈ میں جمع کرائیں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آرمیجرجنرل آصف غفور نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں قوم کو آگاہ کیا کہ پانی کے بحران سے نمٹنے کے لیے ڈیموں کی تعمیر کی اشد ضرورت ہے اور اس کار خیر میں تینوں مسلح افواج اپنا کردار ادا کریں گے۔

میجر جنرل آصف غفور کے مطابق تینوں مسلح افواج کے افسران 2 دن کی تنخواہ جب کہ مسلح افواج کے جوان ایک دن کی تنخواہ دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کے فنڈ میں کرائیں گے۔

واضح رہے کہ عدالت عظمیٰ نے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کا حکم دے رکھا ہے اور اس حوالے سے چیف جسٹس نے ایک فنڈ بھی قائم کیا ہے جس میں انہوں نے عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے اور ساتھ ہی چیف جسٹس پاکستان ، جسٹس ثاقب نثار نے سب سے پہلے ڈیمز کی تعمیر کے لیے دس لاکھ روپے عطیہ بھی دیا ۔