آرمی چیف سے فاٹا یوتھ جرگے کی ملاقات

روالپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فاٹا یوتھ جرگے سے ملاقات کی۔ ملاقات میں آرمی چیف نے فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام پر مبارکباد دی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ فاٹا انضمام سے دیر پا امن استحکام و سماجی ترقی کی رفتار تیز ہوگی اور فاٹا سے دہشت گردی کے خاتمے میں بڑی کامیابیاں ملی ہیں۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ریاست دہشت گردی وشدت پسندی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور دہشت گردی سے متاثرہ علاقے میں امن اور ترقی آئے گی۔  انضمام کو حقیقت کا روپ دینے میں نوجوانوں کا جذبہ قابل دید ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ریاست نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا عزم کر رکھا ہے اور اس عزم کی تکمیل میں نوجوانوں کا بڑا کردار ہے۔ نوجوان پر امن کوششیں جاری رکھیں۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ امن کے لیے بھاری قیمت ادا کی ہے اسے کھونے نہیں دیں گے اور فاٹا میں جمہوری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مثبت کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں نوجوانوں کی حمایت اور عزم کو سراہا جبکہ پاکستان کے مستقبل سے متعلق نوجوانوں کے خیالات کی تعریف کی۔