کالا باغ ڈیم کو کسی صورت بننے نہیں دیں گے، اسفند یار ولی

چارسدہ: عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندریارولی کا کہنا ہے کہ کالا باغ ڈیم کو کسی صورت بننے نہیں دیں گے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندریارولی کا تنگی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بعض قوتیں 18ویں آئینی ترمیم کا خاتمہ چاہتی ہیں اور ایسے لوگوں کے گریبانوں پر میرا ہاتھ ہوگا۔

اے این پی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ عمران خان مجھ پر کرپشن کے الزامات ثابت کریں اور عمران خان نے الزام ثابت نہ کیا تو ان کے خلاف عدالت جاؤں گا۔ فضل الرحمان، سراج الحق کو انتخابات کے وقت اسلام یاد آتا ہے اور ہم پر کوئی ادارہ اور سیاسی جماعت کرپشن کا الزام ثابت نہ کرسکی ہے۔

اسفندیارولی کا کہنا تھا کہ کالا باغ ڈیم ہماری زندگی اور موت کا مسئلہ ہے اور کالا باغ ڈیم کو کسی صورت بننے نہیں دیں گے۔ خطے میں امن کے لئے اے این پی نے لازوال قربانیاں دی ہیں اور چیف جسٹس کالا باغ ڈیم کی بجائے بھاشا ڈیم کی تعمیر پر توجہ دیں۔

عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندر یار ولی کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان نے نواز کو فون پر فاٹا انضمام بل پارلیمنٹ سے رکوایا تھا اور فضل الرحمان نے نواز شریف سے نفاذ شریعت کے لیے مطالبہ نہیں کیا۔

اے این پی کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ بی آرٹی سمیت پی ٹی آئی حکومت کے کرپشن کی فائلیں کھل گئیں ہیں اور ایک دھیلے کی کرپشن ثابت ہوئی تو پھانسی پر چڑھنے کو تیار ہوں۔