ایشین گیمز ہاکی: پاکستان کو تیسری پوزیشن کے میچ میں شکست

جکارتہ: ایشین گیمز ہاکی کے تیسری پوزیشن کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 1-2 سے شکست دے دی۔

انڈونیشیا کے شہر جکارتہ اور پالیمبینگ میں منعقد ہونے والے 18ویں ایشین گیمز میں پاکستان ٹیم تیسری پوزیشن کا میچ بھی ہار گئی اور برانز میڈل میچ میں بھارت نے قومی ٹیم کو 1-2 سے شکست دیکر تیسری پوزیشن سنبھال لی۔

بھارت کی جانب سے آکاش دیپ سنگھ اور  ہرمن پریت سنگھ نے ایک ایک گول اسکور کیے جبکہ پاکستان ٹیم کا واحد گول محمد عتیق نے اسکور کیا۔ پانچوں پول میچز جیتنے والے گرین شرٹس ایونٹ میں چوتھے نمبر پر آگئی۔

واضح رہے کہ ایشین گیمز ہاکی کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں جاپان نے پاکستان کو 0-1 سے شکست دیکر ٹورنامنٹ سے باہر کیا تھا۔

قومی ہاکی ٹیم نے مسلسل پانچ فتح اپنے نام کی تھی لیکن دوسرے سیمی فائنل میچ میں جاپان سے شکست کے باعث ٹورنامنٹ کی دوڑ سے باہر ہونا پڑا تھا۔ جاپان کی ٹیم کی جانب سے پہلے کوارٹر میں گول کیا گیا۔ لیکن اس کے بعد شاہینوں نے گول کرنے کی بھرپور کوشیشیں کیں مگر حریف ٹیم نے کھیل کے اختتام تک پاکستانی ٹیم کو گول نہیں کرنے دیا اور جاپان کو 0-1 سے کامیابی حاصل ہوئی۔

پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں تیسری پوزیشن کے لیے یکم ستمبر کو ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی جبکہ ایونٹ کا فائنل میچ ملائیشا اور جاپان کے درمیان ہفتے کو کھیلا جائے گا۔