افغانستان کے دارالحکومت کابل میں 2 خودکش دھماکے، 20 افراد ہلاک

کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں دو خودکش دھماکوں کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق خودکش حملہ آواروں نے کابل میں واقع اسپورٹس کلب میں خود کو دھماکے سے اڑا لیاجس کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک جبکہ 70 سے زائد زخمی ہوگئے۔

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی نے واقع کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ زخمیوں میں سے کچھ کی حالت نازک ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ۔

خبر رساں ادارے سی بی ایس نیوز کا کہنا ہے کہ افغان پولیس کے ترجمان ہشمت نے بتایا ہے کہ اسپورٹس کلب کے پاس پہلے ایک خودکش حملہ آوارنے خود کو دھماکے سے اڑایا جب متاثرین کو امداد فراہم کرنے کے لیے لوگ جائے دھماکہ پر جمع ہوئے تو عین اس وقت دوسرے خودکش بمبار نے بھی خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق امدادی ٹیموں نے واقعے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کردیا ہے جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

افغان خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ اب تک کسی شدت پسند تنظیم کی جانب سے دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔