سہ ملکی ٹی 20 سیریز: فخرزمان کی شاندار بیٹنگ، آسٹریلیا کو 45 رنز سے شکست

ہرارے: سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے پانچویں میچ میں فخرزمان کی شاندار اننگ کی بدولت پاکستان نے آسٹریلیا کو 45 رنز سے شکست دے دی۔

پاکستان، زمبابوے اور آسٹریلیا کے درمیان سہ ملکی ٹی 20 سیریز کا پانچواں میچ آج ہرارے اسٹیڈیم میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا گیا۔ جس میں پاکستانی بلے بازوں نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بناکر آسٹریلیا کی ٹیم کو جیت کے لیے 195 رنز کا ہدف دیا۔

جواب کے تعاقب میں آسٹریلیا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 149 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے کپتان ایرون فنچ آج کے میچ میں اچھی پرفارمنس نہیں دے سکے اور صرف 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

کینگروز کی جانب سے الیکس کیری 37 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ آرکی شارٹ 28، گلین میکسویل 10، ٹریوس ہیڈ 7، نک میڈنسن 5 اور مارکس اسٹونس 16 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

قومی ٹیم کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ دیکھاتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد عامر، عثمان خان شنواری، شاداب خان اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان  اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے پانچویں میچ میں آسٹریلوی ٹیم کے کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

پاکستان کی جانب سے اننگ کا آغاز فخرزمان اور حارث سہیل نے کیا لیکن حارث سہیل کوئی رن نہیں بناسکے اور پویلین لوٹ گئے۔ ان کے بعد آنے والے بلے باز حسین طلعت تھے جو 30 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

قومی ٹیم کا تیسرا نقصان کپتان سرفراز احمد کا ہوا جو 14 رنز کی اننگ کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی چوتھی وکٹ فخرزمان کی گری جو 73 رنز کی شاندار اننگ کھیلنے کے بعد اسٹونیس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

شاہینوں کی پانچویں وکٹ آل راؤنڈر شعیب ملک کی گری جو 27 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد آؤٹ ہونے والے بلے باز فہیم اشرف تھے کو کوئی اسکور نہیں کرسکے اور کیچ آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان کی ساتھویں وکٹ شاداب خان کی گری جو 7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایشٹن اگر اور اینڈریو ٹائی نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جبکہ گلین میکسویل اور اسٹونس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کے خلاف میچ میں آسٹریلیا کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی جبکہ پاکستان کی ٹیم میں فاسٹ باؤلر حسن علی کی جگہ نوجوان کھلاڑی شاہین شاہ آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

واضح رہے گزشتہ روز پاکستان کرکٹ ٹیم نے زمبابوے کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی تاہم دونوں ٹیموں کا ٹی20 سیریز کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرجانے پر میچ کو فائنل کی ریہرسل قرار دیا جارہا ہے۔