وزیراعظم عمران خان کی استعفیٰ دینے پر بابراعوان کی تعریف

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے استعفیٰ دینے پر بابراعوان کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ خوشی ہے کہ آپ کاضمیرصاف ہے۔ ہم نئے پاکستان میں قانون کی حکمرانی پرکوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

پرائم منسٹر عمران خان سے سابق مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے وزیراعظم سیکریٹریٹ میں ملاقات کی اور حکومت کے100روزہ پلان میں قانونی اصلاحات اور عوام دوست اقدامات پرمشاورت کی۔

اس دوران وزیر اعظم عمران خان کا بابر اعوان سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آپ کےمستعفی ہونےکےفیصلے نے پارٹی کا سر فخر سے بلند کردیا ہے اور خوشی ہےکہ آپ کاضمیرصاف ہے۔ انکا کہنا تھا کہ آپ جیسےلوگ پارٹی کااثاثہ ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے قومی وقارکےساتھ نئےسفرکاآغازکردیاہے انہوں نے کہا کہ آئین اورقانون کی بالادستی ہی نئےپاکستان کی بنیادہے۔ نئے پاکستان میں قانون کی حکمرانی پرکوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور امیراورغریب پریکساں قانون کانفاذیقینی ہوگا۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت میں نیب کی جانب سے ریفرنس دائر ہونے کے بعد وزیر اعظم عمران خان کے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

بابر اعوان نے عہدے سے سبکدوشی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ قانون کی حکمرانی مجھ سے شروع ہونی چاہیے اور میں اپنے خلاف نیب ریفرنس دائر ہونے کے بعد وزیراعظم کے قوم سے کیے گئے وعدے پر استعفیٰ دے رہاہوں۔