نیوزون کی ٹرانسمیشن برکت رمضان کے روح پرور کلام نےمقبولیت کے ریکارڈ قائم کردیئے

تحریر  :  عنبر حسین سید

نیوزون کی ٹرانسمیشن برکت رمضان کے روح پرور کلام نےمقبولیت کے ریکارڈ قائم کر لیے ہیں۔

رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں نیوزون نے اپنے ناظرین کیلئے اس ماہ کی رحمتوں اور برکتوں کو  سمیٹنے کیلئے خصوصی نشریات کا اہتمام کیا ہے۔

نیوز ون کی خصوصی ٹرانسمیشن جو کہ مختلف اوقات میں براہ راست نشر کی جائے گی وہ ہر مسلمان کے جذبہ ایمانی کو اجاگر کرنے کا سبب ہوگی۔

بر کت رمضان کے سلسلے میں شہنشاہ موسیقی کی پرُ اثر آواز میں آڈیو کلام جاری کیا گیا ہے جس نے ریلیز ہوتے ہی سامعین کی سماعتوں میں رس گھول دیا اورانتظارِ رِمضان کو مزید پُر لطف بنا دیا ہے ۔

برکت رمضان کی آڈیو  کو ریلیز سے اب تک ، دس لاکھ سے زائد افراد نیوز ون کے آفیشل فیس بک پیج پر  دیکھ ، سن اور پسند کر چکے ہیں جو کہ ایک بڑا ریکارڈ ہے  اوراس کی مقبولیت اور پسند ید گی میں دن بہ دن اضا فہ ہو رہا ہے کیونکہ یہ کلام مسلمانوں کے جذبہ ایمانی کی عکاسی کر رہا ہے ۔

خیال رہے کہ  اس آڈیوکلام  کی  ویڈیو  بھی  بہت  جلد منظر عام پر آنے والی ہے  جو یقیناً  ناظرین کو ضرور  پسند آئے گی  ۔

 

کیف و سرور سے بھر پور اس کلام کا ایک ایک لفظ دل کی گہرائیوں کو چھوتا ہوا روح تک پہنچ رہا ہے اور اس بابرکت ماہ کی فضیلت اوراہمیت بیان کررہا ہے ۔اس پُر اثر کلام کو صابر ظفر نے تحریر کیا ہے اور اس کے کمپوزرواجد سعید ہیں ۔

کلام کا آغاز رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کی اہمیت اور نزول قرآن مجید کے ذکر سے ہو ا ،اور کلام میں آگے جا کر ماہ رمضان کی برکتوں ، فضیلتوں ،انعامات اور سحر و افطار کا ذکر ہو تا ہے جس کو سن کر احساس ہو تا ہے کہ منزل ایمان مل گئی ہے ۔

قرآن کا نزول بھی رمضان میں ہوا
اسلام زندہ پانچوں ہی ارکان میں ہوا

صابر ظفر نے اپنے قلم سے انصاف کرتے ہوئے ہر لفظ میں مومن کی بندگی ، روزہ کی مقصد یت ، ضبطِ نفس اور مومن کی معراج کا ذکر کیا ہے جس کو سنتے ہی وجود میں نورسا بھر جاتا ہے ۔

کلام کی دھن ، ساز اور آواز کے اتار چڑھاو نے کلام کو مزید پُر اثر اور دلوں کے قریب کر دیا ہے ۔

روزہ داروں کی تشنگی نصیب سے ہے
ہزار شکر کے وابستگی حبیب سے ہے
ہے جن کے سامنے اتنی سجی ہوئی افطار
خدا کے فضل کو دیکھا ہوا قریب سے ہے

مسلمانوں کو سعودی عرب سے ایک دلی اور مذہبی لگاو ہے بات میوزک کی جائے تو پہلے شعر کے بعد سے شروع ہونے والا ساز سننے والوں کو فوراً عرب کے تپتے صحراوں میں لے جاتا ہے جہاں روزہ اور افطار کا اپنا مزہ اور دلکشی ہے اور دل سے ایک ہی آواز آتی ہے کہ برکت رمضان منزل ایمان ہے ۔

صبر بھی ہے اور رضا بھی ہے روزہ رکھنے کی جزا بھی ہے
قابلِ دید کمسنوں کا جنوں چار سو ایک صدا کن فیا کن

بات اگر آواز کی جائے تو واقعی راحت فتح علی خان صاحب کی آواز نے اس کلام میں چار چاند لگا دیئے ہیں کلام کے آغاز سے ہی ان کی گرفت الفاظ اور ادائیگی پر رہی جو کے کلام کے آگے بڑھنے کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہو تی گئی اور سننے والوں کو نوراور سحر و افطار کی ساعتوں میں لے گئی ۔

ظہور نور سے  بھیگا ہوا ہے یہ عالم

شفاعتوں کا چمکتا ہوا سماں  ہر دم

ماہ  صیام میں  حمد  و ثنا ہو  شام  و سحر

پڑھیں  جو  صلے  اعلیٰ  تو  آنکھیں  ہوں  پُر نم

نیوز ون نے ہر سال کی طرح اس سال بھی رمضان کی خصوصی نشریا ت کا اہتما م کیا ہے جس میں سحر تا افطار حمد و نعت کے گلدستے پیش کیے جائیں گے اور دین سے متعلق رہنمائی فراہم کی جائے گی ۔ نیوز ون کی جانب سے اہلِ ایمان کے لیے یہ آمد رمضان کا وہ تحفہ ہے جس کو سن کر ہر مسلمان کا دل اور روح یہ کہنے پر مجبو رہو جاتی ہے کہ برکتِ رمضان منزل ایمان ۔

  آپ اس روح پرور کلام کو  ساونڈ  کلاوڈ  پر سن بھی  سکتے ہیں  اور  وہاں  سے  ڈاون لوڈ بھی کر  سکتے ہیں ۔

ڈس کلیمر:
نیوز ون کا یا اس کی پالیسی کا بلاگر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔