بیگم کلثوم نواز کی وفات: سیاسی رہنماؤں کا اظہار افسوس

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز لندن کے ہارلے اسٹریٹ کلینک میں دوران علاج انتقال کر گئیں۔ جس کے بعد سیاسی رہنماؤں کی جانب سے ان کی وفات پر اظہار افسوس کیا گیا۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال کی تصدیق کی اور کہا کہ ان کی میت کو پاکستان لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کو کلثوم نواز کی نماز جنازہ سے لے کر تدفین کے لیے پے رول پر رہائی دی جائے گی۔

ذرائع  شریف فیملی کے مطابق سابق خاتون اول بیگم کلثوم نوازکی تدفین جمعہ کو ہوگی، کلثوم نوازکی تدفین جاتی امرا میں محمد شریف کی قبر کے ساتھ ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان کی تعزیت

وزیراعظم عمران خان نے بیگم کلثوم نواز کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیگم کلثوم نواز بہادر خاتون تھیں اور حکومت کلثوم نواز کی فیملی، لواحقین کو تمام سہولیات فراہم کرے گی۔ عمران خان نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کو لواحقین کے لیے تمام سہولیات دینے کی ہدایت دی۔

آرمی چیف کا بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار افسوس، آئی ایس پی آر

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ  اللہ تعالیٰ کلثوم نواز کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

بلاول بھٹو

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز ایک بہادر خاتون تھیں اور بیگم کلثوم نواز نے جمہوریت کیلئے جدوجہد کی ہے۔

آصف زرداری

سابق صدر آصف علی زرداری نے بیگم کلثوم نواز کی وفات پر دلی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت اور لواحقین کو صبرعطا فرمائے۔

راجہ ظفر الحق

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ ظفر الحق کا کہنا ہے کہ کلثوم نواز کا انتقال جمہوریت کے لیے بڑا نقصان ہے جبکہ  کلثوم نواز دلیر اور مضبوط ارادے والی خاتون تھیں۔ اللہ تعالیٰ بیگم کلثوم نواز کے درجات بلند کرے۔

فاروق ستار

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ بیگم کلثوم نواز نے جمہوریت کے استحکام کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے۔ دکھ کی اس گھڑی میں شریف خاندان کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتا ہوں

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ حکومت سے گزارش ہے جسد خاکی کو پاکستان لانے میں مدد کی جائے اور قانون کے مطابق نواز شریف، اہلخانہ کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں مزید کہا کہ اللہ پاک مرحومہ کی مغفرت فرمائے، اہلخانہ کو صبروجمیل عطا کرے۔

صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور شریف خاندان سے اظہار تعزیت بھی کی۔

مولانا فضل الرحمان

سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو فون کیا اور بیگم کلثوم نواز کی وفات پر اظہار تعزیت کی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ مرحومہ کو جواررحمت میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور اللہ لواحقین وپسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

فیاض الحسن چوہان

وزیر اطلاعات پنجاب نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار تعزیت کی اور کہا کہ مرحومہ نے قومی سیاست میں سرگرم کردار ادا کیا ہے۔ غمزدہ خاندان کے دکھ میں شریک ہیں اور اللہ مرحومہ کو جواررحمت میں جگہ دے۔

وزیر اطلاعات فواد چوہدری

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بیگم کلثوم کی وفات پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ کلثوم نواز نے بہادری سے بیماری کا مقابلہ کیا ہے۔ اللہ مرحومہ کی مغفرت اور جنت میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بیگم کلثوم کٹھن حالات میں بھی ثابت قدم رہیں اور مقامی حکومتوں کے اجلاس کے دوران انتقال کی خبر ملی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نے اجلاس روک کر بیگم کلثوم کو خراج عقیدت پیش کیا تھا۔

اعتزاز احسن

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ بیگم کلثوم نیک اور پارسا خاتون تھیں۔ بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر شدید دکھ اور افسوس ہوا ہے۔ مشرف دورمیں بیگم کلثوم جوانمردی سے ڈٹی رہیں تھی۔

رہنما پیپلز پارٹی اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ بیگم کلثوم کا انتقال شریف خاندان کا بہت بڑا نقصان ہے اور جمہوریت کے لیے بیگم کلثوم کی گراں قدر خدمات تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کے خاندان سے اظہار ہمدردی کرتا ہوں اور میری باتوں سے شریف خاندان کی دل آزاری پر انتہائی دکھ ہے۔

سردار عبدالرحیم

رہنما فنکشنل لیگ سردارعبدالرحیم نے بیگم کلثوم نواز کی وفات پر اظہار افسوس کیا۔ سوگوار خاندان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتےہیں اور رب پاک مرحومہ کو جواررحمت میں  جگہ عطا فرمائے۔