الیکشن کمیشن کا بغیر اجازت لیاری میں ریلی نکالنےپربلاول بھٹوکوشوکازنوٹس

کراچی : الیکشن کمیشن نے کراچی کے علاقے لیاری میں بغیراجازت ریلی نکالنے پر بلاول بھٹو کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

ایس ایس پی سٹی سمیع اللہ سومرو کی رپورٹ پر جاری  ہونے والے شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کراچی الیکشن کمیشن کی ٹیم نے لیاری میں ہونے والی ہنگامہ آرائی کو مانیٹر کیا تھا جس کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے الیکشن  کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے۔شوکار نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ قانون کے مطابق ریلی نکالنے سے 3 روز قبل این او سی لینا لازمی ہے۔

نوٹس کے متن کے مطابق لیاری کے مکینوں اور ریلی میں شامل افراد میں ہنگامہ آرائی ہوئی، بلاول بھٹو زرداری5 جولائی تک اس کا جواب جمع کرائیں۔

واضح رہے کہ اتوار کے روز لیاری میں بلاول بھٹو کی ریلی پر پتھراؤ کے نتیجے میں چھ افراد زخمی ہو گئے تھے اور کئی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے تھے، مظاہرین لیاری میں پانی نہ ملنے پر احتجاج  کر رہے تھے۔