طالبان خان، مجھے کیوں نکالا والوں کے پاس کوئی منشور نہیں، بلاول بھٹو

سکرنڈ: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ طالبان خان، مجھے کیوں نکالا والوں کے پاس کوئی منشور نہیں ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بی بی کا وعدہ نبھانے کے لیے نکلا ہوں اور پیپلز پارٹی سندھ کی مقبول جماعت ہے۔ ہمارا رشتہ سیاسی نہیں، خون کا رشتہ ہے اور جمہوریت کی بحالی میں سرکنڈ نے جد و جہد کی ہے۔

پی پی پی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج جمہوریت ہے تو اس میں سکرنڈ والوں کا خون شامل ہے اور سکرنڈ والوں نے میرا دل جیت لیا ہے۔ آپ نے ضیاء اور مشرف کی آمریت کا مقابلہ کیا ہے اور شہید بھٹو، بینظیر نے جمہوریت کے لیے قربانیاں دیں ہیں۔

بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وہ باتیں کر رہے ہیں، جن کا کوئی منشور نہیں ہے اور کٹھ پتلی اتحاد والے کہتے ہیں، پیپلزپارٹی نے کچھ نہیں کیا۔ بھوک مٹاؤ پروگرام کے تحت فوڈ کارڈ فراہم کریں گے اور کسانوں کے لیے جتنا کام پیپلز پارٹی نے کیا اتنا کسی نے نہیں کیا۔

پی پی پی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ کسان دوست منشور لیکر آئی ہے اور نوابشاہ میں 4 یونیورسٹیاں ہمارے دورمیں بنیں ہیں۔ یونین کونسل کی سطح پر فوڈ اسٹور کھولیں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ تھر میں مفت علاج کے لیے اسپتال کس نے بنوائے ہیں اور طالبان خان، مجھے کیوں نکالا والوں کے پاس کوئی منشور نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مانتا ہوں ابھی بھی زیادہ کام کرنا ہے۔