نام کا حتمی فیصلہ کیبنٹ کرے گی، احسان مانی

اسلام آباد: پی سی بی کے نئے چئیرمین کے لیے نامزد احسان مانی کا کہنا ہے کہ ابھی بطورِ چیئرمین نامزد کیا گیا ہے، نام کیبنٹ کے پاس جائے گا پھر حتمی فیصلہ ہوگا۔

گزشتہ روز چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے پی سی بی کے چیئرمین کی حییثیت سے استعفیٰ دینے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے آئی سی سی کے سابق صدر اور خزانچی احسان مانی کو پی سی بی کے نئے چئیرمین کے لیے نامزد کیا تھا۔

منگل کو نیوزون سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے احسان مانی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پی سی بی کے نئے چیئرمین کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ نام کیبنٹ کے پاس جائے گا پھر حتمی ٖفیصلہ ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ ابھی اس حوالے سے بات کرنا مناسب نہیں ہوگا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پی سی بی کے سابق چئیرمین نجم سیٹھی نے اپنے ٹوئٹر اکاوئنٹ سے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم عمران خان کو بھیج دیا ہے۔ میں صرف نئے وزیراعظم کے حلف اٹھانے کا انتظار کررہا تھا۔ ساتھ ہی انھوں نے پی سی بی کے لیے نیک خواہشات کا ابھی اظہار کیا تھا۔

اپنے جاری کردہ ویڈیو پیٖغام میں نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ میں اپنی وجہ سے پی سی بی میں کوئی نیا تنازعہ نہیں کھڑا کرسکتا۔ مجھے سابق وزیراعظم نے بطورچیئرمین نامزد کیا تھا جس کے بعد میں نے بطور چئیرمین پی سی بی زمہ داری سنبھالی تھی۔ کرکٹ سے میری روزی روٹی نہیں۔

انھوں نے کہا کہ کرکٹ بورڈ کا اینٹی کرپشن یونٹ دن رات کام کررہا ہے جبکہ پی ایس ایل کوسب سے زیادہ خطرہ کرپشن سے ہے۔ میں امیدکرتا ہوں کہ نئی آنے والی  ٹیم اس مسئلے پر پوری توجہ دے گی اور ان معاملات پر سختی سے عمل بھی کرئے گی۔

نجم سیٹھی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھارتی کرکٹ بورڈ پر معاہدے کی خلاف ورزی کا مقدمہ کیا ہوا ہے۔ اس سے متعلق میں اپنا بیان ریکارڈ کرانے ضرور جاؤں گا اگرچہ میں چئیرمین رہوں یا نہ رہوں۔

عام انتخابات میں تحریک انصاف کی کامیابی کے بعد بعض حلقوں میں خبریں گردش کررہی تھی کہ نجم سیٹھی کو پی سی بی کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹا کر نیا چئیرمین لایا جائے گا۔ جس کے لیے بیک دوڑ مشاورت جاری تھی۔