نگران حکومت لوڈشیڈنگ کی ذمہ دار ہے، نواز شریف

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ہمارے جانےتک کوئی لوڈشیڈنگ نہیں تھی اگر اب لوڈشیڈنگ ہورہی ہے تو اس کی ذمہ داری نگران حکومت ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے باہرصحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ہمارے جانے تک کوئی لوڈشیڈنگ نہیں تھی اگر اب لوڈشیڈنگ ہورہی ہے تو اس کی ذمہ دار نگراں حکومت ہے۔

نوازشریف کا کہنا تھا کہ ہم سسٹم میں 10 ہزار میگاواٹ کا اضافہ کرکے گئے اور ہمارے جانے تک کوئی لوڈشیڈنگ نہیں تھی۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے قانون کو سنگل رکنی بینچ کیسے اٹھا کرباہر پھینک دیتا ہے، صحافی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے اس فیصلے کو معطل کر دیا ہے جس پرانہوں نے کہا کہ وہ بعد کی بات ہے۔

صحافی نے سوال کیا کہ الزام ہےکہ ریحام خان کی کتاب کے پیچھے ن لیگ ہے؟ جس پر نوازشریف نے کہا کہ اور کچھ نہیں ملا تو یہ الزام لگا دیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس سے متعلق سوال کے جواب میں سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی پوری پریس کانفرنس نہیں سنی مجھے نہیں پتہ کہ کیا کہا ہے۔

مسلم لیگ ن کے قائد کا کہنا تھا کہ ماضی میں بار بار گرے ہیں اب سنبھلنا چاہیے انہوں نے ایک شعربھی پڑھا۔

جو ٹھوکر نہ کھائے نہیں جیت اس کی
جوگرکرسنبھل جائے ہے جیت اس کی