پاک بحریہ کے سربراہ کی رائل نیوی آف عمان کے سربراہ سے ملاقات

اسلام آباد : پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے رائل نیوی آف عمان کے سربراہ ریئر ایڈمرل عبداللہ بن خامس ال رئیسی اورسلطان قبوس نیول کیڈمی کے کمانڈنٹ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

 ہیڈ کوارٹرز رائل نیوی آف عمان آمد پرر یئر ایڈمرل عبداللہ بن خامس ال رئیسی نے ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا استقبال کیا۔ رائل نیوی آف عمان کے چا ق و چوبند دستے نے نیول چیف کو سلامی پیش کی۔

ترجمان کے مطابق بعد ازاں، پاک بحریہ کے سربراہ نے رائل نیوی آف عمان کے سربراہ ر یئر ایڈمرل عبداللہ بن خامس ال رئیسی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ اُمور بشمول دو طرفہ بحری اشتراک اور بحر ہند کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تعاون کے مختلف شعبوں پر بھی گفتگو کی گئی۔نیول چیف کی ایک تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور بحرِ ہند میں قومی اور عالمی بحری تجارت کے لیے بحری سکیورٹی کو یقینی بناکر بحری قزاقی، بحری دہشت گردی ، اسلحہ و منشیات اور انسانی اسمگلنگ جیسے خطرات کی انسدادکے سلسلے میں پاکستان کے کردارپر روشنی ڈالی ۔

ملاقات میں  ر یئر ایڈمرل عبداللہ بن خامس ال رئیسی خطے میں بحری امن و استحکام کے قیام میں پاک بحریہ کی کاوشوں اور عزم  صمیم کو سراہا۔ رائل نیوی آف عمان کے سربراہ نے پاک بحریہ کے آفیسرز و سیلرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اورپاک بحریہ کی طرف سے رائل نیوی آف عمان کو تربیت کے سلسلے میں فراہم کیے جانے والے قابل قدر تعاون کو سراہا۔

ترجمان کے مطابق دونوں ممالک کی بحری افواج کے سربراہان نے مختلف شعبوں جیسے تربیت ، باہمی دورے اور بحری اشتراک میں تعاون کے فروغ پر بات چیت کی۔

بعد ازاں، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے سید بن سلطان نیول بیس،سلطان قبوس نیو ل اکیڈمی، رائل نیوی آف عمان کے جہاز اور فلیٹ مینٹیننس فیسیلیٹی کا دورہ کیا۔

کمانڈنٹ سلطان قبوس نیو ل اکیڈمی سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ اُموربشمول اکیڈمی میں دی جانے والی تربیت اور نوجوان آفیسرز کی صلاحیتوں میں نکھار پر بات چیت کی گئی۔پاک بحریہ کے سربراہ نے اکیڈمی کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور زیرِ تربیت مڈشپ مین اور کیڈٹس سے تبادلہ خیال کیا۔

پاک بحریہ کے سربراہ کے اس دورے کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس سیف شمالی بحیرہ عرب میں اپنی حالیہ تعیناتی کے سلسلے میں عمان کے دورہ کرے گا جو کہ دونوں ممالک کے مابین پائے جانے والے بحری اشتراک کا مظہر ہے اورجس میں مزید وسعت اور استحکام آئے گا۔