آرمی چیف کی شہید سب انسپکٹر عباس کےاہلخانہ سے ملاقات

راولپنڈی : یوم دفاع کے موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ شہید سب انسپکٹر میاں عباس کے گھر گئے اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کے دوران شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے پنجاب پولیس کے شہید سب انسپکٹر میاں عباس کی سول لائنز میں موجود رہائشگاہ پر ان کے لواحقین سے ملاقات کی۔

اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہماری زندگیاں وطن کیلئے وقف ہیں، اپنی جان قربان کرنے سے بڑی کوئی قربانی نہیں۔ قوم کیلئے شہداء کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہید سب انسپکٹر عباس اور تمام شہداء کی قوم کے لئے عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا، اور شہید میاں عباس کے بیٹے کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

واضح رہے کہ 1990 میں افغانی اغوا کار گروپ کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، ان کے اپنے سوگواران میں دو بیٹے ، بیٹیاں اور اہلیہ شامل ہیں۔