آرمی چیف نے 12 دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی، آئی ایس پی آر

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 12 دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی۔

پاک فوج کے شعبہ تعقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 6 دہشتگردوں کو مختلف مدت کی دی جانے والی قید کی سزاؤں کی بھی توثیق کردی ہے اور عدم ثبوت کی بنا پر ایک ملزم کی بریت کی بھی توثیق کی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق سزائے موت پانے والوں میں امام بارگاہ پارا چنار پر حملے میں ملوث دہشتگرد شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں نے 26 سو یلین سمیت 34 افراد کو قتل، 133 کو زخمی کیا ہے اور سزائے موت پانے والے دہشتگردوں میں عاشق خان، رشید، معراج ، محمد رسول، جنت کریم، ابو بکر، حیدر خان، انور خان، غلام حبیب، عبد الغفور شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشتگرد رواز خان، مبارک زیب اور ایوب خان کی سزائے موت کی بھی توثیق کی گئی ہے۔ دہشتگردوں نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے جرائم کا اعتراف کیا ہے اور دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے۔