آرمی چیف نے ڈیمزفنڈ کیلئے ایک ارب 59 لاکھ 19 ہزار کا چیک چیف جسٹس کو دیا

COAS-1

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ڈیمز فنڈ کیلئے ایک ارب 59 لاکھ 19 ہزار کا چیک چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کو دے دیا۔

پاک فوج شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار سے ملاقات کی جس میں انہوں نے ڈیمز کی تعمیر کے لیے پاک فوج کی جانب سے ایک ارب 59 لاکھ 19 ہزارروپے کا چیک دیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کو خط بھی تحریر کیا۔ جس میں دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز کی تعمیر کے فیصلے کا خیر مقدم کیا گیا۔

آرمی چیف نے خط میں لکھا کہ پاک فوج ڈیموں کی تعمیر کے فیصلے کا خیر مقدم کرتی ہے اور قومی مقصد کیلئے پاک آرمی افسران 2 روز کی تنخواہ جمع کرائیں گے۔ جونیئر کمیشنڈ افسران اور جوان ایک روز کی تنخواہ ڈیم فنڈ میں دیں گے جبکہ آرمی ویلفیئر آرگنائزیشن بھی رضا کارانہ طور پر مہم میں حصہ ڈال رہی ہے۔

خط میں کہنا تھا کہ مجموعی طور پر ایک ارب روپے سے زائد کی رقم اکھٹی کی جاچکی ہے اور جمع شدہ رقم سپریم کورٹ کے ڈیم فنڈ میں جمع کرادی گئی ہے۔

آئی ایس پی آر کےمطابق آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج قومی ادارے کی حیثیت سے قوم کی تعمیر کے لیے کردار ادا کرتی رہےگی۔