آرمی چیف سے چینی مسلح پولیس فورس کے سربراہ کی ملاقات، آئی ایس پی آر

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیپلز آرمڈ پولیس فورس کے کمانڈر جنرل وانگ نگ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی سلامتی اور پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پیپلز آرمڈ پولیس فورس کے کمانڈر جنرل وانگ نگ نے پیر کو جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

پیپلز آرمڈ پولیس فورس کے کمانڈر جنرل وانگ نگ نے خطہ میں امن و سلامتی کیلئے پاک فوج کی کوششوں کا اعتراف کیا اور انہیں سراہا۔ انسداد دہشت گردی، سکیورٹی ٹریننگ اور تجربات کے تبادلہ شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کی تجاویز پر بھی تبادلہ خیال بھی کیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاک فوج نے قومی شجرکاری مہم کے دوران ایک کروڑ درخت لگانے کا اعلان کیا تھا۔

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ  (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ان کی اہلیہ راولپنڈی میں پودے لگانے کی مہم کا افتتاح کریں گے۔ شجرکاری سرسبزو شاداب پاکستان مہم کے تحت کی جارہی ہے۔ ابتدائی طور پر آج سے ملک بھر میں 20 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔

آئی ایس پی آر کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے ایک ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ اس سال مون سون سیزن کے دوران مجموعی طور ایک کروڑ درخت لگانے کا ہدف رکھا گیا تھا اور اس شجرکاری مہم کو ‘سرسبز و شاداب پاکستان’ کا نام دیا گیا تھا۔