سپریم کورٹ : متعلقہ اداروں کواسحاق ڈارکی واپسی سےمتعلق اقدامات جاری رکھنےکی ہدایت

ishaq-dar

اسلام آباد : سابق وزیرداخلہ اسحاق ڈاروطن واپسی کیس میں سپریم کورٹ نے متعلقہ اداروں کواسحاق ڈارکی وطن واپسی کیلئےاقدامات جاری رکھنےکی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سپریم کورٹ میں اسحاق ڈاروطن واپسی کیس کی سماعت چیف جسٹس ثاقب نثارکی سربراہی میں3رکنی بینچ نے کی۔

سماعت کے آغاز میں اٹارنی جنرل نے بتایا کہ اسحاق ڈارکا سفارتی وعام پاسپورٹ منسوخ کیا جا چکا ہے اور وزارت داخلہ نے اسحاق ڈار کو بلیک لسٹ کردیا، اس وقت ان کے پاس کوئی سفری دستاویز نہیں ہیں۔

چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ پھر اسحاق ڈار کیسے واپس آئیں گے جس پر انہوں نے جواب دیا کہ انہیں وطن واپس لانے کا طریقہ کار موجود ہے۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے سوال کیا کہ اٹارنی جنرل کیا آپ نے یہ معاملہ دیکھا ہے؟ کیا اب بھی ریاست اسحاق ڈار کو واپس نہیں لاسکتی؟ اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ اس کے لیے وہاں کی عدالتوں میں جانا پڑے گا۔

نیب پراسیکیوٹرجنرل نے بتایا کہ اسحاق ڈار کی جائیدادیں شناخت کرلی ہیں، جائیدادیں منسلک کرنے کی کارروائی جاری ہے۔ اسحاق ڈار کی واپسی پرمتعلقہ محکموں سے مشاورت بھی جاری ہے۔

جس کے بعد عدالت نے متعلقہ اداروں کو اسحاق ڈار کی واپسی کے اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کردی۔