ملک کے لیے کرپشن سب سے بڑی کینسر ہے، عمران خان

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک کے لیے کرپشن سب سے بڑی کینسر ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شاندار استقبال پر آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور اب آپ ایم کیو ایم سے تحریک انصاف میں آسکتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے قوم کو تقدیر بدلنے کا موقع دیا ہے اور 30 سال سے 2 پارٹیاں حکومت کر رہی ہیں۔

پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کا کہنا تھا کہ شہر میں 30 سال کے دوران بنیادی چیز پانی نہیں دے سکے اور نیا نظام، سوچ، جماعت نہیں آئے گی، تب تک حالات نہیں بدلیں گے۔ جو پیسہ عوام پر خرچ ہونا تھا وہ چوری ہو کر بیرون ملک چلا گیا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ باہر ممالک میں 9 سو ارب روپے کی پاکستانیوں نے پراپرٹی لی ہے اور ملک کے لیے کرپشن سب سے بڑی کینسر ہے۔ کراچی میں جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔

پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کا کہنا تھا کہ جولائی سے نئے پاکستان کا سفرشروع ہوگا اور اپنی جماعت کو ووٹ دے کر کامیاب کریں۔ 30،30 سال حکومت کرنے والی جماعتوں نے کراچی کو تباہ کیا ہے اور کراچی کی ترقی کا سفر 25 جولائی سے شروع کریں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی میں آج بھی صاف پانی کی سہولت میسر نہیں ہے اور سمندر کا پانی میٹھا کرکے کراچی کو فراہم کریں گے۔ ملک میں تحریک انصاف کی ہوا چل پڑی ہے اور تحریک انصاف کامیاب ہوکر تمام بنیادی مسائل حل کرے گی۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی میڈیا سے گفتگو

کراچی: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں اور کراچی کےعوام نے زبردست پزیرائی دی ہے۔ پر امید ہوں کراچی کےعوام پی ٹی آئی کو کامیاب کرائیں گے۔

پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی میں پانی کی قلت کی کسی نے توجہ نہیں دی ہے اور باریاں لینے والوں کے دور میں کراچی کے حالات بگڑتے رہے ہیں۔ اگلے ہفتے اندرون سندھ کا بھی دورہ کروں گا اور چاہتے ہیں 25 جولائی کو میچ نیو ٹرل امپائر کےساتھ کھیلا جائے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ 2 سال قوم کا پیسہ اور عدالتوں کا وقت ضائع ہوا ہے اور شریف خاندان کو صرف 2 سوالوں کے جوابات دینے تھے۔ شریف خاندان نےعدالتوں میں جھوٹ پر جھوٹ بولا ہے اور نوازشریف کے بیٹے نے کہا الحمد للہ اپارٹمنٹ ہمارے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان کے خلاف مقدمات کا فیصلہ اب آنا چاہیے اور قوم شریف خاندان کے خلاف مقدمات کے فیصلے کی منتظر ہے۔ فیصلے میں تاخیر کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور ساڑھے 4 ہزار درخواستیں آئیں سب کو ٹکٹ نہیں دے سکتے تھے۔

پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کھلاڑیوں کو ٹکٹ دیےجو میدان میں اچھی پرفارمنس دیں گے اور پی ٹٰی آئی حکومت میں آئے گی تو ہی نظام کو ٹھیک کیا جاسکتا ہے۔ کراچی کو صوبہ بننے کے بجائے میٹروپولیٹں نظام کی ضرورت ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ صوبے کی ضرورت پنجاب میں ہے اور کل کی بارش سے لاہور کا حال سب نے دیکھ لیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اندرون سندھ میں جلسے کروں گا اور پھر کراچی واپس آؤں گا۔