فٹبال ورلڈ کپ 2018: کروشیا نےانگلینڈ کو شکست دیکر فائنل میں جگہ بنالی

ماسکو: فٹبال ورلڈ کپ 2018 کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں کروشیا نے انگلینڈ کو 1-2 سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

روس میں جاری فیفاورلڈ کپ 2018 کا دوسرا سیمی فائنل میچ کروشیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا گیا۔ جس کا آغاز تیزرفتاری سے ہوا۔ انگلینڈ کی جانب سے پہلا گول کیرن ٹریپئر نے 5ویں منٹ میں کیا اور اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلوائی۔

میچ کے پہلے ہاف میں انگلینڈ کو 0-1 کی برتری حاصل رہی لیکن ایونٹ کے اہم ترین میچ کے دوسرے ہاف میں کھیل کے 68ویں منٹ میں کروشیا کے کھلاڑی پیریسچ نے گول کرکے اسکور 1-1 سے برابر کردیا۔

کروشیا اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا سیمی فائنل میچ 1-1 سے برابر رہا۔ جس کے بعد میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لیے دونوں ٹیموں کو 30 منٹ کا اضافی وقت دیا گیا اور میچ کے اضافی وقت میں 15،15 منٹ کے 2 ہاف دیے گئے لیکن اضافی وقت کے پہلے ہاف میں کوئی بھی ٹیم گول اسکور نہیں کرسکی۔

اضافی وقت کے دوسرے ہاف میں کروشیا کے کھلاڑی اسٹرائیکر ماریو مانڈزوکک نے گول کرکے اسکور 1-2 کردیا اور میچ کے اختتام تک برقرار رکھا۔

واضح رہے کہ فٹبال ورلڈ کپ 2018 کا فائنل میچ ماسکو کے اسٹیڈیم میں کروشیا اور فرانس کے درمیان کھیلا جائے گا۔