دبئی میں سحری کیلئے ڈرون سروس متعارف

متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کے دوران گھروں پر سحری کے لوازمات پہنچانے کیلئے اب جدید ترین سروس یعنی  ڈرون کا استعمال کیا جائے گا۔

بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دبئی کی ایک نجی کمپنی نے شہریوں کو سحری پہنچانے کےلیے انوکھا انداز اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس طریقے کے تحت شہریوں کو  دروازے پر سحری کے لوازمات کی ترسیل کے لیے روایتی طریقے جیسے موٹر سائیکل یا گاڑی کے بجائے ڈرون استعمال کیے جائیں گے۔ 8 بیٹریوں پر مشتمل یہ ڈرون دس کلوگرام تک وزنی سحری پیکیج لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

دبئی میں زیادہ تر غیر مقامی افراد روزگار کی غرض سے رہائش پذیر ہیں جن میں اکثریت بھارت اور پاکستان سمیت دیگر ممالک کے مسلمانوں کی ہے۔

 علی الصبح سحری کی تیاری دشوار کام ہوتا ہے جب کہ وقت کی قلت کے باعث سحری کےلیے باہر جانا بھی ممکن نہیں رہتا اس لیے اکثر لوگ تیار شدہ سحری آرڈر کرتے ہیں۔ اس کی بروقت ترسیل میں بھی ایک مشکل مرحلہ تھی جسے ڈرون کے ذریعے حل کرلیا گیا۔

واضح رہے کہ دبئی کے مقامی نوجوانوں نے اس پروجیکٹ کو مکمل کیا ہے ۔ یہ اسلامی دنیا میں فراہم کی جانی والی اپنی نوعیت کی پہلی سروس ہوگی۔