بارش پڑتے ہی لاہور شہر کا اصل چہرہ سامنے آگیا، شاہ محمود قریشی

ملتان: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما  شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بارش پڑتے ہی لاہور شہر کا اصل چہرہ سامنے آگیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما  شاہ محمود قریشی کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایون فیلڈ ریفرنس پر فیصلے سے ملک میں احتساب آگے بڑھے گا اور ایسا طبقہ حکمرانی کرتا ہے جن کا مقصد ذریعہ معاش سیاست ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پٹرول بم کے بعد بجلی کا ٹیرف بھی بڑھا دیا گیا ہے اور بجلی کا ٹیرف بڑھانے سے ن لیگ کے دعوؤں کی قلعی کھل گئی ہیں۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری ہے اور مہنگائی کا طوفان آنے والا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے حالات ایسے ہیں اور عدالتوں کا احترام کرتے ہیں بھاگنے والے نہیں ہیں۔ عدالت ان کی غیر موجودگی میں فیصلہ سنانے کی پابند نہیں ہیں اور میرے مدمقابل میئر کی بھابھی اور ڈپٹی مئیر کے بیٹے ہیں۔

پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سرکاری وسائل استعمال ہو رہے ہیں، الیکشن کمیشن نوٹس لے اور عدالتوں کے فیصلے نہ چاہتے ہوئے ماننے پڑتے ہیں۔ قانون کی حکمرانی کے لیےعدالتی فیصلوں کو ماننا ہوگا اور شفاف احتساب کے عمل کو آگے بڑھایا جائے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما  شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بارش پڑتے ہی لاہور شہر کا اصل چہرہ سامنے آگیا ہے اور جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانا منشور میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ نے 10 سال میں جتنا معاشی بحران پیدا کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی ہے۔