اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں بجلی کے نادہندگان کے میٹر کانٹے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کے زیر صدارت ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی )  کے اجلاس میں بجلی کے نادہندگان کے میٹر کانٹے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پیر کے روز وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت وفاقی دارالحکومت میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں بجلی کے واجبات ادا نہ کرنے والے نادہندگان کے میٹر کانٹے کا فیصلہ کیا گیا۔

ای سی سی کے اعلامیہ کے مطابق 3ماہ تک بل نہ دینے پر نادہندگان کے میٹر کاٹ دیئے جائیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پری پیڈ میٹر لگائے جائیں گے جس کی وجہ سے جتنا بیلنس ہوگا صارف کو اتنی ہی بجلی ملے گی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں توانائی شعبے کا آپریشنل اورفنانشل آڈٹ کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کی تشکیل کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسد عمر کو اس کا چیئرمین مقرر کیا تھا۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی 12 ممبران پر مشتمل ہے جس میں مواصلات، قانون، پاور اور پیٹرولیم کے وزراء اور دیگر اداروں کے مشیرشامل ہیں۔