اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس: گیس قیمتوں میں اضافے کا معاملہ مؤخر

اسلام آباد : اقتصادی رابطہ کمیٹی نے فوری طور پر گیس کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ اسد عمر کے زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں فوری طور پر گیس کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ای سی سی اجلاس میں گیس کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق فیصلہ کیا گیا۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے قیمتوں میں اضافے کے لیے گائیڈ لائنز طے کرلی ہیں تاہم گیس کی قیمتوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں کھاد فیکٹریوں کو50 فیصد مقامی گیس اور50 فیصد ایل این جی مہیا کرنے کا فیصلہ کیا گیا، کھاد کمپنیوں کو 50 فیصد بل ایل این جی ادا کریں گی جبکہ 50 فیصد حکومت ادا کرے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ای سی سی اجلاس کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ تمام کھاد فیکڑیاں پوری صلاحیت کے مطابق کھاد پیدا کریں گی جب کہ یوریا کھاد پوری کرنے کے لیے کھاد درآمد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔