عام انتخابات : پیپلز پارٹی کو40 سال بعد تلوار کا نشان الاٹ

اسلام آباد : الیکشن کمیشن نےبغیراعتراضات والی77جماعتوں کو عام انتخابات کے لیے انتخابی نشان الاٹ کردیا۔پیپلز پارٹی کو تلوار اور تیر دنوں نشان الاٹ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے آئندہ انتخابات کے لیے بغیراعتراضات والی77جماعتوں کوانتخابی نشان الاٹ کردیئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 77 سیاسی جماعتوں کے انتخابی نشانات کی درخواست پر کسی قسم کا تنازع نہیں ہے،جن جماعتوں کے انتخابی نشان پر تنازع نہیں وہ جماعتیں ان نشانات کی اہل ہیں۔

الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم کو پتنگ، پی ٹی آئی کو بلا، مسلم لیگ ن کو شیر ، ایے این پی کو لالٹین، ایم ایم اے کو کتاب ، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کو ستارہ ، پاکستان کسان اتحاد کو ہل ، ق لیگ کو ٹریکٹر اور پیپلز پارٹی کو تلوار کو انتخابی نشان الاٹ کردیا۔جبکہ پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کا انتخابی نشان تیر برقرار ہے۔

   خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 1970اور 1977 کے عام انتخابات میں تلوار کے نشان سے الیکشن لڑے تھے ۔

مختلف جماعتوں کو انتخابی نشانات الاٹ

واضح رہے کہ عام انتخابات کا آغاز 25 جولائی کو ہوگا، جس کے لیے الیکشن کمیشن نے تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں سے انتخابی نشان کے لیے درخواستیں طلب کی تھیں۔