لیڈز ٹیسٹ: انگلینڈ کی 7 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز کی برتری

لیڈز: لیڈز ٹیسٹ کے دوسرے روز انگلینڈ کو پہلی اننگز میں پاکستان کے خلاف 7 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز کی برتری حاصل ہے۔

انگلینڈ اور پاکستان کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ لیڈز کے ہیڈنگلے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے۔ انگلینڈ نے پہلے دن کھیل کے اختتام تک 2 وکٹ کے نقصان پر 106 رنز بنا لئے تھے۔

جبکہ دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک انگلینڈ نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنا لیے ہیں اور اسے پاکستان پر اپنی پہلی اننگز میں 128 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کا کھیل بارش اور خراب موسم کے باعث تاخیر کا شکار ہوگیا تھا۔ جس کے بعد میچ 3 گھنٹوں سے زائد تاخیر سے شروع ہوا تھا۔

انگلینڈ کی جانب سے الیسٹر کک 46 ، کیٹن جیننگز 29، جو روٹ 45، ڈوم بیس 49، ڈیوڈ ملان 28، جونی بیئرسٹو 21 اور کرس ووکس 17 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے ہیں۔

قومی ٹیم کی جانب سے محمد عامر ، فہیم اشرف نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ حسن علی، شاداب خان اور محمد عباس نے ایک ایک وکٹ حاصل کرلی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ لیکن شاہینوں کا آغاز اچھا نہیں رہا اور ابتدا ہی سے انگلش بولرز نے پاکستانی بلے بازوں کو پریشان کر رکھا تھا۔

انگلینڈ کے بولرز نے پاکستانی بلے بازوں کو پہلی اننگ میں 174 رنز پر ڈھیر کردیا تھا۔ جواب میں اپنی پہلی اننگ کے شروعات میں پہلے دن کے کھیل کے اختتام تک انگلینڈ نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنالیے تھے۔