انگلینڈ نے بھارت کو لارڈز ٹیسٹ ایک اننگز اور 159 رنز سے ہرادیا

لارڈز: انگلینڈ نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے بھارت کو لارڈز ٹیسٹ ایک اننگز اور 159 رنز سے ہرا دیا جس کے بعد پانچ میچز پر مشتمل سیریز میں انگلینڈ کو 0-2 کی برتری حاصل ہوگئی۔

انگلینڈ اور بھارت کے درمیان 5 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ لارڈز میں کھیلا گیا۔ بارش کے باعث میچ کا پہلا دن ضائع ہوگیا تھا۔ میزبان ٹیم کے کپتان جو روٹ نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ مگر بھارتی بلے باز انگلش بولرز کے آگے ٹک نہیں پائے اور صرف 107 رنز بناکر ایک کے پیچے ایک پویلین لوٹ گئے۔

بھارت کی جانب سے پہلی اننگ کا آغاز مورالی ویجے اور کے ایل راہول نے کیا لیکن بھارت کا کوئی بھی بلے باز 30 رنز بھی نہیں بنا سکا، اشون 29، کپتان ویرات کوہلی 23 ، اجنکے رہانے 18، ہاردک پانڈیا 11 اور محمد شامی 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی جانب سے شاندار کارکردگی دیکھاتے ہوئے جیمز اینڈرسن نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کرس ووکس 2 اور کرس براڈ اور ایم کرن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پہلی اننگ کے جواب میں انگلینڈ کی جانب سے بھی آغاز اچھا نہیں رہا اور 131 رنز کے مجموعی اسکور پر 5 کھلاڑٰی پویلین لوٹ گئے۔ تاہم انگلش بلے باز کرس ووکس اور جونی بیئرسٹو نے ٹیم کو سہارا دیا اور 189 رنز کی شاندار شراکت قائم کی اور میزبان ٹیم نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 396 رنز بناکر اپنی پہلی اننگ ڈکلیئر کی۔

بھارت کی جانب سے محمد شامی اور ہاردک پانڈیا نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایشانت شرما نے 1 کھلاڑی کو پویلین کا راستہ دیکھایا۔

انگلینڈ کو بھارت کے خلاف 289 رنز کی برتری حاصل ہوگئی اور فالو آن کے تحت میزبان ٹیم نے مہمان ٹیم کو کو دوبارہ بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ لیکن دوسری اننگ میں بھی انگلش بولرز کے آگے بھارتی سورما ٹک نہیں پائے اور پوری ٹیم صرف 130 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔

بھارت کی جانب سے دوسری اننگ میں اشون 33 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ہاردک پانڈیا 26، کپتان ویرات کوہلی 17، پوجارا 17، اجنکے رہانے 13، کے ایل راہول 10 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن اور کرس براڈ نے 4، 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کرکس ووکس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ شاندار بولنگ کا مظاہرہ دیکھانے کے لیے کرکس ووکس کو مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے بھارت کو 31 رنز سے شکست دی تھی۔