انگلینڈ کے الیسٹر کک کا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

لندن: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیفٹ آرم بلے باز الیسٹر کک نے بھارت کے خلاف 5 میچوں پر مشتمل سیریز کا آخری میچ کھیلنے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کردیا۔

انگلینڈ کے سابق کپتان الیسٹر کک نے ایک بیان میں کہا کہ بھارت کے خلاف پانچواں ٹیسٹ میچ کھیل کر تمام طرز کی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہوجاؤں گا۔ ان کے اس اعلان نے شائقین کرکٹ کو حیرت میں مبتلا کردیا ہے۔

الیسٹر کک کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ سے متعلق چند ماہ سے سوچ رہا تھا اور اپنے ملک کے لیے جو کرسکتا تھا وہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم سے طویل عرصے تک کھیلنے پر فخر ہے اور یہ مناسب وقت ہے کہ نئے کھلاڑیوں کو آگے آنے کا موقع دیا جائے۔

انگلینڈ کے سابق کپتان الیسٹر کک کا کہنا تھا کہ تمام طرز کی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے رہا ہوں جبکہ کاؤنٹی کرکٹ میں ایسیکس کی نمائندگی کرتا رہوں گا۔

واضح رہے کہ الیسٹر کک نے انگلینڈ کی جانب سے 160 ٹیسٹ، 92 ون ڈے اور 4 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلیں ہیں۔ الیسٹر کک 160 ٹیسٹ میچوں میں 44 اعشاریہ 88 کی اوسط سے مجموعی طور پر 12 ہزار 252 رنز بنا چکے ہیں اور کوئی بھی دوسرا انگلش بیٹسمین ان کے قریب نہیں آ سکا جبکہ کک کی سنچریوں کی تعداد 32 اور نصف سنچریاں 56 ہے۔

الیسٹر کک کی قیادت میں انگلش ٹیم نے 59 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں 24 میچز جیتے اور 22 ہارے جبکہ 13 بے نتیجہ رہے۔