ایفی ڈرین کیس: روزانہ سماعت کیخلاف حنیف عباسی کی اپیل مسترد

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے مسلم لیگ ن کی رہنما حنیف عباسی ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے درخواست مسترد کردی ۔

واضح رہے کہ 11 جولائی کو لاہور ہائیکورٹ نے انسداد   منشیات عدالت نے حنیف عباسی کے خلاف ایفی ڈرین کیس کی سماعت 16 جولائی سے روزانہ کی بنیاد پر کرنے اور کیس کا فیصلہ 21 جولائی کو سنانے کا حکم دیا ہے۔

اسلام آباد سپریم کورٹ میں مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کے خلاف ایفی ڈرین کوٹہ کیس سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے حنیف عباسی کی ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم کرنے کی استدعا مسترد کردی۔

سماعت کے آغاز پر حنیف عباسی کے وکیل کامران مرتضی نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کی جانب سے ایسی کوئی رضامندی نہیں دی گئی۔ جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ اگر رضامندی نہیں دی گئی تو وضاحت کیلئے متعلقہ فورم پر جائیں، آپ لاہور ہائیکورٹ میں نظر ثانی اپیل دائرکرسکتے ہیں۔

وکیل نے کہا کہ سپریم کورٹ ہائیکورٹ کے فیصلے کی وضاحت کیلئے جانے کی اجازت دے اور ہمارے کیس کا فیصلہ نہ کیا جائے۔ جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ ہم اجازت نہیں دیں گے آپ نے وضاحت لینی ہے تو خود جائیں۔

خیال رہے کہ حنیف عباسی  نے  لاہور ہائیکورٹ  کے روزانہ سماعت کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ ہائیکورٹ نے غیر متعلقہ فریق کی درخواست پر یہ حکم سنایا ہے جسے کالعدم قرار دیا جائے۔

یاد  رہے کہ راولپنڈی کی اینٹی نارکوٹکس فورس نے مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی کے خلاف 30 جولائی 2012 کو 500 کلو گرام  ایفیڈرین کوٹہ حاصل کر کے اس کا غیر قانونی استعمال کرنے پر مقدمہ درج کیا تھا۔