فیس بک نے میانمار آرمی چیف کا اکاؤنٹ بند کردیا

کیلیفورنیا:فیس بک انتظامیہ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی میں ملوث میانمار کے آرمی چیف اور دیگر اعلیٰ فوجی عہدیداروں کے فیس بک اکاؤنٹ بند کردیئے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق پیغام رسانی کی مشہور ویب سائٹ فیس بک نے اقوام متحدہ کی رپورٹ کے بعد میانمار فوج کے آرمی چیف سمیت اعلیٰ فوجی افسران اور سیاسی رہنماؤں کے 18 فیس بک اکاؤنٹس اور 52 فیس بک پیجز کو ختم کردیا ہے جب کہ  ایک انسٹاگرام اکاؤنٹ کو بھی ڈیلیٹ کیا گیا ہے۔

فیس بک انتظامیہ کی جانب سے پہلی مرتبہ کسی فوجی یا سیاسی رہنما پر پابندی لگائی گئی ہے، بند ہونے والے اکاؤنٹس کے تقریباً ایک کروڑ بیس لاکھ فالوورز ہیں۔

واضح رہے کہ میانمار میں فیس بک سوشل میڈیا کا سب سے بڑا پلیٹ فارم ہے جس کے ایک کروڑ آٹھ لاکھ سے زائد لوگ استعمال کرتے ہیں۔

خیال رہے گزشتہ روز اقوام متحدہ نے اپنی رپورٹ پیش کی جس میں میانمار کے آرمی چیف سمیت اعلیٰ فوجی افسران کے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی اور سنگین جنگی جرائم میں ملوث ہونے پر ان اہلکاروں کے عالمی ٹرائل کا مطالبہ کیا تھا۔